ایم کیوایم والوں کو جو خالی پلاٹ نظر آیا قبضہ کرلیا ،پارک، گرائونڈ اور نالوں تک کو نہیں چھوڑا ‘ سینیٹر سعید غنی

ایم کیو ایم کے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں لا رہے، دوبارہ ہیرو نہیں بنانا چاہتے ،جس جگہ پر ہے وہیں بیٹھی رہے ان کا وطیرہ ہے اتنا شور مچائوکہ لوگ اسے سچ سمجھنا شروع کر دیں ،وسیم اختر پر جو ذمہ داریاں ہیں انہیں نبھائیں ‘ پریس کانفرنس

اتوار 12 مارچ 2017 19:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2017ء) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم والوں کو جو بھی خالی پلاٹ نظر آیا اس پر قبضہ کرلیا جبکہ پارک، گرائونڈ اور نالوں پر قبضہ کرنا ان کاریکارڈ رہا ہے،ایم کیو ایم کا وطیرہ ہے کہ وہ اتنا شور مچاتی ہے کہ لوگ اسے سچ سمجھنا شروع کردیتے ہیں،ایم کیو ایم کے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں لا رہے، دوبارہ ہیرو نہیں بنانا چاہتے ،جس جگہ پر ہے وہیں بیٹھی رہے ۔

کراچی میں پیپلزپارٹی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ ایم کیوایم کا مطالبہ تھا کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں ہم نے اختیارات بھی دیدیئے اور ان کی مدد کے لئے سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ بھی بنایا گیا لیکن معاملہ یہ ہے کہ جو اختیارات ایم کیو ایم کے پاس ہیں وہ اس میں کام کررہے ہیں یا نہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ مئیرکراچی وسیم اخترکو یہ تک نہیں پتا کہ شہر کی صفائی کے ایم سی کا کام نہیں بلکہ یہ ذمہ داری ڈی ایم سیزکی ہے۔

پہلے سکول اور ہسپتال بھی کے ایم سی کے پاس تھے ہم نے وہ بھی ڈی ایم سیز کو منتقل کردیئے، سندھ حکومت کے ایم سی کو ہر ماہ 50 کروڑ روپے کی گرانٹ دیتی ہے ،سڑکیں بنانا بلدیاتی نمائندوں کا کام تھا لیکن وہ بھی سندھ حکومت بنا رہی ہے ،ہم مانتے ہیں کہ ہمارا تھوڑا بہت قصور ہوگا لیکن اپنی ذمہ داریاں سندھ حکومت پر ڈالنا نااہلی کی بدترین مثال ہے ،وسیم اختر پرجو ذمہ داریاں ہیں وہ سرانجام دیں پھر کسی ذمہ داری کی بات کریں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مئیر کراچی نے کہا کہ گجرنالے سے تجاوزات ختم کرائیں وہ یہ بتائیں کہ گجرنالے پرتجاوزات کس دورمیں قائم ہوئیں۔ ہم نے تو تجاوزات ختم کرائی ہیں،پارک، گرائونڈ اور نالوں پر قبضہ کرنا ایم کیو ایم کاریکارڈ رہا ہے، ایم کیوایم کوجوخالی پلاٹ نظرآیا اس پرقبضہ کرلیا اور انہوںنے کوئی پارک اور نالہ تک نہیں چھوڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم نے بلدیاتی اداروں میں گھوسٹ ملازمین بھرتی کرائے ،یہ ادارے طویل عرصے تک ایم کیوایم کے قبضے میں رہے ، بانی ایم کیوایم کی کال پرجو لوگ جمع ہوجاتے تھے وہ گھوسٹ ملازمین ہی ہوتے تھے جبکہ نگراں حکومت میں بھی ایم کیوایم نے 5 ہزار بھرتیاں کی تھیں۔انہوںنے کہا کہ اگر بلدیاتی اداروں کی بربادی کی ذمہ داری کسی جماعت پر ڈالیں تو وہ ایم کیو ایم ہی ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں لا رہے،دوبارہ ہیرو نہیں بنانا چاہتے،جس جگہ ہے وہیں بیٹھی رہے۔ ایم کیو ایم جو دعوے کر رہی ہے وہ سچ کر کے دکھائے۔