Live Updates

قاضی حسین احمد مرحوم کا مولانا فضل الرحمن کیساتھ اتحاد کبھی سمجھ نہیں آیا، جاویدلطیف کے خلاف وزیراعظم کے ایکشن کاانتظارہے،عمران خان

لیگی رکن قومی اسمبلی نے اخلاقیات کی تمام حدیں پارکیں،اگرانہیں اسمبلی سے اٹھا کر باہر نہ پھینکاگیاتویقین ہوجائیگا نوازشریف کے اشارے پرمرادسعیدکونشانہ بنایاگیا، چیئرمین پی ٹی آئی نواز شریف انسانی ترقی میں سرمایہ کار ی کی بجائے سڑکیں بنانے ،فیتے کاٹنے میں مصروف ہیں،پرویز خٹک اورٹیم کی کارکردگی مثالی ہے ،خیبرپختونخوا پولیس نے کارکردگی کے درخشاں معیار قائم کئے،نوشہرہ میں قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 12 مارچ 2017 20:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2017ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ قاضی حسین احمد مرحوم کا مولانا فضل الرحمن کیساتھ اتحاد کبھی سمجھ نہیں آیا ،مرحوم کیساتھ میرے تقریباً تمام معاملات میں یکساں رائے ہوتی تھی،نواز شریف انسانی ترقی میں سرمایہ کار ی کی بجائے سڑکیں بنانے ،فیتے کاٹنے میں مصروف ہیں،پرویز خٹک اور ٹیم کی کارکردگی مثالی ہے ،خیبرپختونخوا پولیس نے کارکردگی کے درخشاں معیار قائم کئے،صوبے میں دہشت گردی اور دیگر جرائم میں کمی واقع ہوئی،صحت اور تعلیم کوالٹی اور خدمات دینے لگے ہیں،جاویدلطیف کیخلاف وزیراعظم کے ایکشن کاانتظارہے، لیگی رکن قومی اسمبلی نے اخلاقیات کی تمام حدیں پارکیں،اگرانہیں اسمبلی سے اٹھاکرباہرنہیں پھینکاگیاتویقین ہوجائیگانوازشریف کے اشارے پرمرادسعیدکونشانہ بنایاگیا۔

(جاری ہے)

جاوید لطیف نے مراد سعید کیخلاف جو الفاظ استعمال کئے،وزیراعظم کو اس پر معافی مانگنی چاہئے۔نوشہرہ میں قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ میرا قاضی حسین احمد کے ساتھ اکثر معاملات میں اتفاق رائے ہوتا تھا سسٹم کے بارے میں ہمارے خیالات تقریباً ایک جیسے تھے مگر اگر ہمارے اختلافات میں کہیں یکسانیت نہیں تھی تو وہ اُن کی مولانا فضل الرحمن کے ساتھ اتحاد تھی جسے میں کبھی نہیں سمجھ سکا ۔

انہوںنے کہاکہ نظام کو ٹھیک کئے بغیر حالات کبھی نہیں بدلتے ۔ نواز شریف صحت ، تعلیم اور نظام کو چھوڑ کر سڑکوں کا افتتاح کر رہے ہیں۔ اگر صرف سڑکوں او رپلوں کا افتتاح کرنے سے ترقی ممکن ہوتی تو دوسری جنگ عظیم میں تباہی کا شکار بن جانے والے جرمنی اور جاپان کبھی ترقی نہ کرتے ۔انہوںنے ترقی اسلئے کی کہ انہوں نے انسانوں پر سرمایہ کاری کی تھی ۔

عمران خان نے کہاکہ وہ پرویز خٹک کو داد دیتے ہیں جنہوںنے نظام کی شفافیت پر کام کیا اور انسانوں پر سرمایہ کاری کی ۔عمران خان نے کہاکہ جن ممالک نے بھی انسانوں پر سرمایہ کاری کی وہ ترقی پا گئے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں بھی غریب عوام کو صحت کی سہولیات دی جائیں نوجوانوں کو تعلیم کے مواقع میسر ہوں تعلیم ہی سے نیا پاکستان بنے گا۔

پرویز خٹک نے جس طرح خیبرپختونخو امیں ہسپتالوں اور سکولوں کی بہتری پر کام کیا اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کیا ، میرٹ کی بالاد ستی قائم کی ، این ٹی ایس کے ذریعے بھرتیوں کا نظام وضع کیا ، وہ وفاق اور دیگر صوبائی حکومتوں کیلئے بھی ایک مثال ہے اور یہی نئے پاکستان کی طرف عملی قدم ہے ۔خیبرپختونخو امیں ہسپتالوں کو مکمل خود مختاری دی گئی ہے ۔

اب ہسپتالوں میں ہی پریکٹس ہوگی جو ایک انقلابی تبدیلی ہو گی ۔ صوبائی حکومت کاصحت انصاف کار ڈ اہم ترین پالیسی اقدام ہے۔ اس کے تحت 18 لاکھ مستحق خاندان علاج معالجے کی مفت سہولیات حاصل کریں گے جو آبادی کا 51 فیصد بنتا ہے۔اگلے سال پورے صوبے کو انصاف کارڈ دینے کاپلان ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کا معیار بلند ہونے کی وجہ سے عوام سرکاری ہسپتالوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔

عمران خان نے کہاکہ خیبرپختونخو امیں پولیس کی کارکردگی مثالی ہے ۔ پرویز خٹک نے پولیس کے نظام کو ٹھیک کیا جس کی وجہ سے دہشت گردی اور دیگر سماجی جرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی آئی ۔ایم این اے جاوید لطیف کی مراد سعید کے ساتھ بد اخلاقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جاوید لطیف نے انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کئے ہیں۔

خصوصاً خواتین کے بارے میں جاوید لطیف نے جو زبان استعمال کی وہ ہماری روایات اور کلچر کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاویدلطیف کیخلاف وزیراعظم کے ایکشن کاانتظارہے، لیگی رکن قومی اسمبلی نے اخلاقیات کی تمام حدیں پارکیں،اگر حسب معمول نواز شریف معصوم اور مظلوم شکل بنا کر عوام کے سامنے آئے اور جاوید لطیف کے خلاف کارروائی نہ کی تو ہمیں سمجھیں گے کہ وزیراعظم اُس کی پشت پناہی کررہے ہیں۔ جاوید لطیف نے مراد سعید کیخلاف جو الفاظ استعمال کئے،وزیراعظم کو اس پر معافی مانگنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہماری طرف سے اس طرح کا رویہ اختیار کیا جاتا تو ہم اُس کو پی ٹی آئی سے نکال دیتے ۔ہماری ثقافت اور روایات میں غیر اخلاقی حرکتوں کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات