ایران پاکستان کے درمیان قدیم تاریخی اور ثقافتی تعلقات باہمی احترام اور دو طرفہ تعاون پر قائم ہیں‘ملک رفیق رجوانہ

دونوں اسلامی برادر ممالک ایک دوسرے کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لئے ایک عزم اور ایک سوچ لئے رواں دواں ہیں‘گورنر پنجاب

پیر 13 مارچ 2017 21:00

ایران پاکستان کے درمیان قدیم تاریخی اور ثقافتی تعلقات باہمی احترام ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ دُنیا میں انسانی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ قوموں کی تقدیر بدلنے کے لئے وہاں کے شاعروں، مفکروں، فلاسفروں اور آرٹسٹوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے ،ان کے نظریات، خیالات اور شاعرانہ کلام سے انسانوں کے ذہنوں کی نہ صرف آبیاری ہوئی بلکہ تاریخ نے ان نامور ہستیوں کے کارہائے نمایاں کو سنہرے حروف میں لکھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائل پام کنٹری کلب میں لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایران کے مشہور شاعر ’’فردوسی طوسی‘‘ کے حوالے سے منعقدہ تین روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میںصوبائی وزیر برائے ہایئر ایجوکیشن پنجاب سید علی رضا گیلانی ،لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر رخسانہ کوثر ، ایرانی قونصل جنرل سمیت اہم شخصیات اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ایران پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان قدیم تاریخی اور ثقافتی تعلقات باہمی احترام اور دو طرفہ تعاون پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران واحد ملک ہے جس نے سب سے پہلے پاکستان کو تسلیم کیااور ماضی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ میں ایران نے کھل کر پاکستان کی مدد کی ۔انہوں نے کہا کہ دونوں اسلامی برادر ممالک ایک دوسرے کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لئے ایک عزم اور ایک سوچ لئے رواں دواں ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ شاعر ہونا کمال کی بات نہیں بلکہ شاعر وہ ہوتا ہے جوحالات و اقعات کو اپنے لفظوں میں سمالیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ علامہ اقبال کا کلام پڑھیں جو یہ کہتے ہیں کہ محبت مجھے ان جوانوں سے ہے جو ستاروں پر کمند ڈالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کا کلام ہمیں زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھلاتے ہیں۔گورنر نے کہا کہ بڑا انسان وہ نہیں جن کے پاس بڑا عہدہ یا اختیارات ہوں ، جب آپ نے خدمت ہی کرنی ہے تو عہدہ یا اختیارات کس بات کا۔

انہوں عبدالستار ایدھی کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ اس عظیم شخص کے پاس کیا اختیارات تھے ان کا آخری سفر ان کی انسانی خدمات کا ثمر تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن سید علی رضا گیلانی نے کہا کہ ایران اور پاکستان گہرے دوست ممالک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں شاعروں کو بے پناہ تکریم حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد اپنے ملک کی خدمت کریں تاکہ پاکستان دُنیا میں اپنا مقام پیدا کرسکے۔