پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور دنیا کے 10بڑے شہروں میں شمار ہونیوالا کراچی اوراس کے شہری بنیادی حقوق سے محروم ہیں، رکن اسمبلی اسد عمر

ماضی میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کراچی کے شہریوں کو لسانیت کے نام پر اکسا کر شہر کا امن برباد کرنے کی کوشش کی گئی، کراچی کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ اداروں میں بیٹھے ہوئے گھوسٹ ملازمین ہیں جنکی وجہ سے ملکی ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں، کارنر میٹنگ سے خطاب

پیر 13 مارچ 2017 23:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما کو رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور دنیا کے 10بڑے شہروں میں شمار ہونے والا شہر کراچی اوراسکے شہری اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ قیام پاکستان سے لے کر آج تک کراچی کے شہریوں نے پاکستان کی بقاء اور سلامتی کی خاطر قربانیاں دیں اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر جمہوری تحریکوں اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔

ماضی میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کراچی کے شہریوں کو لسانیت کے نام پر اکسا کر شہر کا امن برباد کرنے کی کوشش کی گئی۔ کراچی کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ اداروں میں بیٹھے ہوئے گھوسٹ ملازمین ہیں جنکی وجہ سے ملکی ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کو 70فیصد سے زائد ریوینیو دینے والا شہر کراچی آج پانی ، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔

(جاری ہے)

اگر کراچی کی سیاست کو قومی دھارے سے الگ رکھ کر حل کرنے کی کوشش کریں گے تو مسائل کبھی حل نہیں ہو سکتے۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز ضلع وسطی کی یوسی 36ایف سی ایریا لیاقت آباد کے علاقے الکرم اسکوائر میں ایک ’’کارنر میٹنگ‘‘ میں پارٹی کارکنان اور اہلیان محلہ سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی، ضلع وسطی کے صدر سید ثاقب علی، جنرل سیکریٹری ریاض حیدر، سیکریٹری اطلاعات عزیر احمد صدیقی،آواز گل،آصف حسین، زرقہ ناز، محسن زیدی، شہریار احمد، کاشف نجم، سعید ملوک، عاقب صدیقی، عدنان خان، یوسی36کے صدر نعمان احمد ،جنرل سیکریٹری دانیال احمد خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آبا ئو اجداد نے پاکستا ن ہجرت صرف اس لئے کی کہ پاکستان خوشحال، ترقی یافتہ اور ایک مضبوط ملک بن جائے ۔لیکن افسوس کی بات ہے کہ یہ خواب اب تک ادھورا ہے۔اس لئے اس ادھورے خواب کو پورا کرنے کے لئے پاکستان تحریک انصاف ایک بار پھر یہ عزم لئے میدان عمل میں موجود ہے کہ ’’پاکستان بچانے کا سفر ۔

۔ پاکستان بنانے والوں کے ساتھ‘‘۔ جب کراچی ترقی کرتا ہے تبھی پاکستان ترقی کرتا ہے اس لئے نفرتیں پھیلا کر حقوق نہیں لئے جا سکتے۔ تحریک انصاف نے ہمیشہ امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا ہے۔ کراچی کے عوام نے 2013کے عام انتخابات میں لاکھوں کی تعداد میں ووٹ دے کر تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کیا تھااور انشاء اللہ آئندہ 2018کے عام انتخابات میں بھی کراچی کے شہری بھاری اکثریت سے تحریک انصاف کے نمائندوں کو کامیاب بنائیں گے ۔