مردم شماری کے حوالے سے بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں کے تحفظات کو دور کیا جائے،رمیش کمار وانکوانی

منگل 14 مارچ 2017 14:05

مردم شماری کے حوالے سے بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں کے تحفظات کو دور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین صرف بلوچستان کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، مردم شماری کے حوالے سے بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں کے تحفظات کو دور کیا جائے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 30سالوں سے افغان مہاجرین قیام پذیر ہیں ۔

اس سے قبل بھی افغان مہاجرین کی موجودگی میں مردم شماری ہوتی رہیں یہ صرف اکیلے بلوچستان کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری سے غیر ملکیوں کی تعداد اور افغان مہاجرین کی تعداد صحیح طور پر سامنے آئے گی مردم شماری کے فارم میں غیر ملکیوں کے حوالے سے الگ خانہ موجود ہے اور ویزہ کے متعلق بھی معلومات حاصل ہوں گی کہ ملک میں کتنے لوگ قانونی طور پر جبکہ کتنے لوگ غیر قانونی طور پر قیام پذیر ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں کے تحفظات کو دور کیا جانا چاہئے اس حوالے سے مکمل طور پر اتفاق رائے ہونا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کسی ایک جماعت کے علاوہ باقی تمام سیاسی جماعتیں مردم شماری کے حوالے سے متفق ہیں۔