حطار کی نئی آبادیوں کو سوئی گیس کی سہولت فراہم کریں گے، کوئی گھر اس سہولت سے محروم نہیں رہے گا، حاجی راجہ ایاز

منگل 14 مارچ 2017 19:44

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2017ء) مسلم لیگ (ن) کے ممبر تحصیل کونسل حاجی راجہ ایاز نے کہا ہے کہ علاقہ حطار کی نئی آبادیوں کو جلد سوئی گیس کی سہولت فراہم کر دیں گے، آنے والے وقت میں کوئی گھر سوئی گیس جیسی نعمت سے محروم نہیں رہے گا، دوسروں کی زمینوں میں مالک کی اجازت کے بغیر اور متنازعہ جگہوں پر سوئی گیس کا سروے نہیں کرائیں گے۔

وہ بدھ کو حطار، کوٹلی نہر ملک آصف مارکیٹ اور ملک گلستان کی رہائش گاہ کے قریب سروے کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیاسی و سماجی شخصیات سید سجاد حسین شاہ، نائب ناظم ملک عبدالقیوم، جنرل کونسلر سید حبیب شاہ، ملک محمد آصف، جنرل کونسلر بخت اکبر، ملک گلستان سمیت دیگر موجود تھے۔ ممبر تحصیل حاجی راجہ ایاز نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہی عوام کے مسائل کا خاتمہ کر سکتی ہے، 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) ملک بھر میں کلین سویپ کرے گی، اقتصادی راہداری سے ملک بھر سمیت ہزارہ کو بھرپور فائدہ ہو گا، ہماری جماعت نعروں کی بجائے عملی سیاست پر یقین رکھتی ہے، جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت ملک کے حالات بہت خراب تھے تاہم بہتر اسلوب حکمرانی کی وجہ سے آج ملک کے حالات معاشی طور پر بہت مضبوط ہیں۔

متعلقہ عنوان :