صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیر پائو کا قبائلی علاقہ جات کے خیبر پختونخوا میں فوری انضمام کا مطالبہ

منگل 14 مارچ 2017 20:53

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مارچ2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیر پائو نے وفاقی کابینہ کی طرف سے قبائلی علاقہ جات کے حوالے سے پیش رفت کو انتہائی غیر سنجیدہ اور دھوکہ قرار دیتے ہوئے قبائلی علاقہ جات کے خیبر پختونخوا میں فوری انضمام کا مطالبہ کیا ہے او رکہا ہے کہ وفاق نے بین السطور اس مسئلے کو سرد خانے میں ڈالنے کی ناکام کوشش کی ہے جس میں فاٹا کی خیبر پختونخوا میں شمولیت کے حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا گیا ہے انہوں نے ان خیالات کا اظہار چارسدہ میںدریائے جندی پر دو پلوں کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی ارشد خان عمر زئی،ممبران صوبائی اسمبلی سلطان محمد خان، خالد خان مہمند ،سابق صوبائی وزیر الحاج ہاشم خان،فقیر حسین اور حاجی طارق خان کے علاوہ قومی وطن پارٹی کے کارکن بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے پنجاب اور سندھ میںانسداد دہشت گردی کے نام پر پختونوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جس سے ہماری قومی ساکھ اور عزت مجروح ہو رہی ہے اس لئے وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس گھنائونے عمل کا فوری سد باب کرے بصورت دیگر ہم احتجاج کے طور طریقوں پر اتر آئیں گے۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیاکہ افغان حکومت کے ساتھ اپنے معاملات اور مسائل کے حل کے لئے فوری مذاکرات کریں اور افغان بارڈر کو جلد از جلد کھول دیں تاکہ ہمارے عوام کی تجارت اور دوسرے معاملات آسان ہو سکیں۔واضح رہے کہ صوبائی وزیر نے دریائے جندی پر چوتی اور زانگو پل کے مقام پر دو نئے پلوں کی تعمیر کا افتتاح کیا جن پر کل76.60ملین روپے لاگت آئے گی۔

صوبائی وزیر نے مردان روڈ سے غریب آباد تک روڈ کی تعمیر کا اعلان کیا جس پر44ملین روپے خرچ ہوں گے جبکہ عوامی مطالبے پر اسی روڈ کو موٹر وے انٹر چینج تک بڑھانے کے لئے مزید 6کروڑ روپے کا بھی اعلان کیا۔صوبائی وزیر نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے د وآبہ شولگرہ کے کٹھہ جات کی ری ماڈلنگ کے لئے 30کروڑ روپے کا بھی اعلان کیاتقریب سے حاجی محمد ہاشم،ارشد عمر زئی اور فقیر حسین کے علاوہ دوسروں نے بھی خطاب کیا اور علاقے میں قومی وطن پارٹی کی طرف سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیر پائوکا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :