ایسے ڈیٹا بیس کی تیاری ضروری ہے جو فنکاروں میں امدادی رقوم کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے ، عرفان صدیقی

بیت المال نے افتخار قیصر، نصرت آر ا اور شاکر شجاع آبادی سمیت فن سے وابستہ افراد کی بھرپور مدد کی ، عابد وحید شیخ

منگل 14 مارچ 2017 23:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مارچ2017ء) فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے وزیراعظم کی تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ مرکزی سطح پر ایک ہی مربوط نظام وضع کیاجائے جو چاروں صوبوں کے علاوہ فاٹا، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر پر بھی محیط ہو۔ یہ سفارش بھی کی گئی کہ فن کار کی ایسی جامع تعریف کی جائے جس کا اطلاق پورے ملک پر ہو اور جس کی روشنی میں مختلف فنون سے تعلق رکھنے والے افراد کی درجہ بندی کی جائے۔

منگل کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں کمیٹی کا دوسرا اجلاس کمیٹی کے سربراہ اور وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی زیر صدارت ہوا جس میں چاروں صوبوں میں جاری فلاحی سکیموں کا جائزہ بھی لیا اور مستقبل کے لئے ایسا نظام وضع کرنے کی ضرورت پر زوردیا جو صوبوں اور مرکز میں بہتر رابطہ کاری کو یقینی بناسکے۔

(جاری ہے)

قومی تاریخ وادبی ورثہ کے لئے وزیراعظم کے مشیر اور کمیٹی کے سربراہ عرفان صدیقی نے کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم فن کاروں کی مدد کے لئے ایک ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں ان کی عزت نفس کا بھرپور خیال رکھا جائے اور کم سے کم وقت میں مطلوبہ مدد ان تک پہنچائی جائے۔

عرفان صدیقی نے ایک ایسے ڈیٹا بیس کی تیاری پر زوردیا جو ملک بھر کے فنکاروں کی تفصیلات پر مشتمل ہو اور جس کے ذریعے امدادی رقوم کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جاسکے۔ اجلاس میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے متعلقہ سیکریڑی صاحبان کے علاوہ ایم ڈی بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ، چیئرمین مرکزی فلم سنسر بورڈ مبشر حسن، پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل جمال شاہ، قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے سیکرٹری انجینئر عامر حسن کے علاوہ نادرا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، وزارت ہاسنگ اور وزارت اطلاعات کے حکام نے بھی شرکت کی۔

عرفان صدیقی نے کمیٹی کو بتایا کہ جامع اور قابل عمل سفارشات پر مشتمل رپورٹ اس ماہ کے آواخر تک وزیراعظم کو پیش کر دی جائے گی۔ اس موقع پر ایم ڈی بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے اجلاس کو بتایا کہ بیت المال نے نامور فنکاروں افتخار قیصر، نصرت آرااور شاکر شجاع آبادی سمیت فن سے وابستہ افراد کی بھرپور مدد کی ہے اور ان کے علاج معالجے کے لئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :