قومی کتاب میلہ 22 سے 24 اپریل کو منعقد ہو گا، انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی،

میلہ کتاب کے فروغ اور ملک بھر کے عوام کے درمیان ہم آہنگی کی علامت کے طور پر منعقد کیا جائیگا، عرفان صدیقی

بدھ 15 مارچ 2017 14:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2017ء) قومی کتاب میلہ 22 سے 24 اپریل تک اسلام آباد میں منعقد ہو گا جس کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کی سربراہی میں بدھ کو منعقد ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کے پاک چائنہ سینٹر میں منعقد ہونے والا یہ میلہ تین دن جاری رہے گا اور اسے قومی یکجہتی کی ایک بڑی تقریب کے طورپر منایا جائے گا۔

قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں منعقد ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ کتاب میلہ ماضی کی روایت کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے نہ صرف کتاب کے فروغ بلکہ ملک بھر کے عوام کے درمیان ہم آہنگی کی علامت کے طور پر منعقد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزراء اعلیٰ کے علاوہ آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم کو بھی کتاب میلے میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

گورنر خیبرپختونخوا فاٹا کی نمائندگی کریں گے۔ عرفان صدیقی نے بتایا کہ ملک بھر سے 200 کے قریب اشاعتی ادارے اپنے سٹالز لگائیں گے اور سو سے زائد اہل علم و دانش خصوصی دعوت پر شریک ہوں گے۔ وزیراعظم کے مشیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ سہ روزہ تقریب اسلام آباد کے شہریوں کے لئے ایک پرکشش سرگرمی ثابت ہو گی۔ انہوں نے نیشنل بک فائونڈیشن کے ایم ڈی ڈاکٹر انعام الحق جاوید کو ہدایت کی کہ وہ کتاب میلے کو زیادہ سے زیادہ بامقصد اور پرکشش بنانے کے لئے ضروری اقدامات کریں اور اس سلسلے میں انہیں وزارت کی بھرپور سرپرستی حاصل رہے گی۔

قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے سیکرٹری انجینئر عامر حسن، جوائنٹ سیکرٹری سید جنید اخلاق کے علاوہ کیڈ اور سی ڈی اے کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :