ناقص ایل پی جی سلنڈرز کی فروخت اور ایل پی جی کی غیر قانونی منتقلی کے خلاف کریک ڈائون

بدھ 15 مارچ 2017 16:13

راولپنڈی۔15مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2017ء) پنجاب حکومت نے ایل پی جی کی غیر قانونی منتقلی اور ناقص ایل پی جی سلنڈرز کی فروخت کے خلاف کریک ڈائون کا اعلان کر دیا ۔محکمہ صنعت ،تجارت و سرمایہ کاری حکومت پنجاب کے مطابق قانونی طور پر صرف آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا )کے منظور شدہ ڈیلر بھرے ہوئے سلنڈرز فروخت کرنے کے مجاز ہیں اور ایل پی جی کی ایک سلنڈر سے دوسرے سلنڈر میں منتقلی غیر قانونی اور خطرناک ہے ۔

(جاری ہے)

اس لیے اس ممنوعہ کاروبار سے منسلک تمام افراد کو خبردار کیاجاتا ہے کہ وہ سلنڈروں کی غیر قانونی بھرائی کا کام از خود ترک کر دیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔پنجاب حکومت نے اس ضمن میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کی اطلاع اپنے ضلع کے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو کریں ۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ ایل پی جی کی غیر قانونی منتقلی کے خلاف راولپنڈی سمیت تمام اضلاع میں کریک ڈائون کا آغاز فوری طور پر کیاجارہاہے ۔واضح رہے کہ سوئی گیس پریشر میں کمی کے باعث شہری ایل پی جی کے استعمال پر مجبور ہیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے راولپنڈی شہر و کینٹ کے متعدد علاقوں میں جگہ جگہ سلنڈروں کی غیر قانونی بھرائی کا سلسلہ جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :