حسین حقانی کو انٹر پول کے ذریعے واپس لانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی

حسین حقانی کے ساتھ جو دیگرلوگ غداری میں ملوث ہیں ان کیخلاف بھی کارروائی کا حکم دیا جائے‘ درخواست گزار

بدھ 15 مارچ 2017 16:23

حسین حقانی کو انٹر پول کے ذریعے واپس لانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2017ء) امریکہ میں مقیم پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کو انٹر پول کے ذریعے واپس لانے کے لئے سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں درخواست دائر کردی گئی ۔سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں بیرسٹر ظفراللہ خان نے اپنی درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت خارجہ وداخلہ ، وزارت قانون اور حسین حقانی کو فریق بنایا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہاگیا ہے کہ حسین حقانی نے بیرون ملک روانگی سے قبل عدالت عظمیٰ کو وطن واپسی کی یقین دہانی کرائی تھی۔درخواست میں کہا گیاکہ حسین حقانی نے اپنے حالیہ آرٹیکل میں اعتراف کیا ہے کہ امریکہ نے ان کی مدد سے اسامہ بن لادن کو ہلاک کیا۔حسین حقانی ملکی سلامتی کے راز افشا کرتے رہے ہیں، انہیں انٹرپول کے ذریعے پاکستان لاکر عدالت عظمیٰ میں پیش کیا جائے۔درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ حسین حقانی کے ساتھ جو دیگرلوگ غداری میں ملوث ہیں ان کیخلاف بھی کارروائی کا حکم دیا جائے۔