وزیراعظم محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت اور وژن کی بدولت گوادر پوری دنیا سے منسلک ہوچکا ہے،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بدولت گوادر اور بلوچستان میں نئے دور کاآغاز ہوا ہے ،وفاقی وزیرسرحدی وریاستی امورجنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کا گوادر میں جلسہ عام سے خطاب

جمعرات 16 مارچ 2017 17:03

وزیراعظم محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت اور وژن کی بدولت گوادر ..
گوادر۔16مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2017ء) وفاقی وزیرسرحدی وریاستی امورجنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت اور ویژن کی بدولت گوادر پوری دنیا سے منسلک ہوچکا ہے ، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بدولت گوادر اور بلوچستان میں نئے دور کاآغاز ہوا ہے ،ماضی میںگوارد اور بلوچستان کے لوگوں کو نظرا نداز کیا گیا جس سے عوام میں مایوسی پیدا ہوئی اور یہ تاثر ابھرا کہ حکمرانوں کو بلوچستان کے مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ، وزیراعظم محمدنواز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی بلوچستان کو ہر معاملے پر اپنی ترجیحات میں رکھا ہے جس سے عوام کا منفی تاثر زائل ہوگیا ہے اور مایوسی امید میں بدل گئی ہے ،یہ بات انہوں نے جمعرات کو کرکٹ سٹیڈیم گوادر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر سیفران نے کہا کہ گوادر اور مکران سمیت بلوچستان بھر کے عوام وزیراعظم محمد نوازشریف سے اسی طرح محبت کرتے ہیں جس طرح محبت وزیراعظم سے پانچوں صوبوں کے عوا م کرتے ہیں۔گوادر میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے زیر اہتمام جلسے میں خواتین اور مردوں کی ہزاروں کی تعداد میں شرکت اس بات کی نشاندہی ہے کہ بلوچستان کے عوام وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف سے محبت کرتے ہیں،وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھاکہ سی پیک کا ذکر گوادر کے بغیر نامکمل ہے جبکہ گوادر میں اکثر یت متوسط طبقے کے لوگ رہتے ہیں جن کے روزگار کا واحد ذریعہ ماہی گیری کے شعبے پر ہے انہوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے درخواست کی کہ گوادر شہر میں سڑکوں کی حالت بہتر بنانے سیوریج اور صفائی کا نظام ٹھیک کرنے اور پنجاب کے تعلیمی اداروں میں میڈیکل اور انجینئرنگ کے شعبوں میں گوادر کے طلباء وطالبات کے لیے خصوصی سیٹوں کا اعلان کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر کے لوگ کبھی بھی ترقی کے مخالف نہیں رہے یہاں کے لوگ پر امن اور پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور عسکری قیادت کی کاوشوں فوج ،پولیس،فرنٹیئرکور ،لیویز اور مقامی شہریوں کی تعاون کی بدولت گوادر سمیت بلوچستان بھر میں امن کا سورج طلوع ہوچکا ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی محنت کی بدولت مکران ڈویژن میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تربت سے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے امیدوار حاجی اکبر آسکانی کی الیکشن تین دفعہ کامیابی اس بات کی واضح دلیل ہے جبکہ وزیراعظم محمدنوازشریف کی مخلصانہ تعاون رہنمائی اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی کاوشوں کی بدولت ہمیں یقین ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں بلوچستان میں پاکستان مسلم لیگ (ن)اکثریتی پارتی کے طور پر کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی ذاتی دلچسپی اورخصوصی توجہ کی بدولت گوادر بندرگاہ ایک حقیقت بن چکی ہے جو پہلے محض ایک خواب تھی ۔انہوں نے گوادر اور مکران کے عوام کی طرف سے وزیراعظم محمدنوازشریف کی گوادر آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تعمیر وترقی خوشحالی اور استحکام کے سفر میں گوادراور بلوچستان بھر کے لوگ وزیراعظم محمد نواز شریف کا ہر قدم پر ساتھ دیںگے۔