پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ اسکینڈل، پی سی بی کا لند ن میں ناصر جمشید سے تحقیقات کا فیصلہ

جمعرات 16 مارچ 2017 19:01

پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ اسکینڈل، پی سی بی کا لند ن میں ناصر جمشید سے تحقیقات ..
لاہور۔16 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لند ن میں موجود قومی کرکٹر ناصر جمشید سے بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، نا گزیر وجوہات کی بناء پر ناصر جمشید کے پاکستان نہ آنے کی وجہ سے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے رکن لندن جا کر ان سے ملاقات کریں گے،ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے سپاٹ فکسنگ کے معاملہ کی تحقیقات کے دائرہ کار کو لندن تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اسی سلسلہ میں پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل ( ر) اعظم اور جی ایم لیگل سلمان نصیر کو لندن بھجوائے جانے کا امکان ہے ، دونوں وہاں موجود ناصر جمشید سے ملاقات کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ناصر جمشید کا پاسپورٹ لندن پولیس لے چکی ہے اسی لیے وہ پاکستان واپس نہیں آسکتے،واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں معطل کرکٹر شرجیل خان، خالد لطیف اور محمد عرفان کو پی سی بی چارج شیٹ جاری کرچکا ہے جب کہ شاہ زیب حسن نے بھی بکی سے رابطوں کا اعتراف کیا ہے، اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں کرکٹر ناصر جمشید کابیان ریکارڈ کرنیکی تیاری کی جارہی ہے، اس سلسلے میں پی سی بی کے جی ایم لیگل سلمان نصیر اوراینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل اعظم نے انگلینڈ جانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں،اسپاٹ فکسنگ کیس میں پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل ریٹائرڈ اعظم کی معاونت پی سی بی کے جی ایم لیگل سلمان نصیر کر رہے ہیں،اسپاٹ فکسنگ کیس کی تحقیقات میں ناصر جمشید کا بیان بڑی اہمیت کا حامل ہے، پی سی بی نے انہیں معطل کر رکھا ہے جبکہ انگلینڈ میں وہ اس وقت ضمانت پر رہا ہیں ، نیشنل کرائم ایجنسی ان سے تحقیقات کر رہی ہے۔