الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2017ء میں نیوایج /ماسٹر پینٹس نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

جمعرات 16 مارچ 2017 21:08

الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2017ء میں نیوایج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2017ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام بینک الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2017ء میں نیوایج /ماسٹر پینٹس نے فتح راوی آٹو سے چھین کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ باڑیز اور ماسٹر پینٹس (بلیک) کے درمیان میچ برابری پر ختم ہوا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ کے زبردست لیگ میچز کے آخری دو میچ ہوئے۔

اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران عمر صادق، اعظم حیات نون، احمد نواز ٹوانہ، عمر نیازی، ثاقب خان خاکوانی ، آغا نجیب رضا اور ممبرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ نیوایج /ماسٹر پینٹس اور راوی آٹو کے درمیان میچ کانٹے دار رہا کیونکہ جیتنے والی ٹیم نے مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرنا تھا۔

(جاری ہے)

پہلے تین چکر تین میچ برابری پر ہی چلتا رہا مگر چوتھے چکرمیں راوی آٹو کی ٹیم نے برتری حاصل کرلی مگر پانچویں چکرکے آخری ڈیڑھ منٹ میں نیوایج/ماسٹر پینٹس کی طرف سے خوان کروز لوساڈا نے مسلسل دو خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو ناقابل یقین فتح دلا دی۔

میچ کا فائنل سکور 8-7 رہا۔ جیتنے والی ٹیم نیوایج /ماسٹر پینٹس کی طرف سے خوان کروز لوساڈا نے چھ جبکہ حسام علی حیدر نے دو گول سکور کیے۔ راوی آٹو کی طرف سے گی گلبرٹ نے چار جبکہ ثاقب خان خاکوانی نے دو گول سکور کیے۔ دوسرا میچ ماسٹر پینٹس (بلیک) اور باڑیز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو 7-7 گول سے برابر رہا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست میچ رہا۔ باڑیز کی ٹیم پہلے ہی فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکی تھی۔ ماسٹر پینٹس (بلیک) کی طرف سے احمد علی ٹوانہ نے تین جبکہ صوفی محمد حارث، ایندرس کرسپو نے دو دو گول سکور کیے جبکہ باڑیز کی طرف سے راجہ سمیع اللہ اور حمزہ مواز خان نے تین تین جبکہ جارج میرک نے ایک گول سکور کیا۔

متعلقہ عنوان :