فرانس: آئی ایم ایف دفتر میں لیٹر بم دھماکہ ، ایک ملازم زخمی

آئی ایم ایف کے ملازم کے ہاتھ اور چہرے پر زخم آئے ہیں اور عملے کو عمارت سے باہر منتقل کر دیا گیا تھا آئی ایم ایف کے خلاف اس ’بزدلانہ پرتشدد کارروائی‘ کی مذمت ، ڈائریکٹر کرسٹائن لگارڈ جرمنی میں وزیر خزانہ کو ایسا ہی پارسل بھیجنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی جرمنی کو بھیجا گیا مواد اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا تھا کہ اس کو کھولنے میں ’شدید زخم‘ آسکتے تھے، پولیس

جمعرات 16 مارچ 2017 22:33

فرانس: آئی ایم ایف دفتر میں لیٹر بم دھماکہ ، ایک ملازم زخمی
پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2017ء) فرانس کے دارالحکومت فرانس میں پولیس کے مطابق انٹرنیشنل مونیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے دفتر میں ایک لیٹر بم پھٹنے سے ایک ملازم زخمی ہوگیا جبکہ جرمنی میں وزیر خزانہ کو ایسا ہی ایک پارسل بھیجا گیا جسے پھٹنے سے پہلے ہی ناکارہ بنا دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پیرس میں ہونے والے دھماکے میں آئی ایم ایف کے ملازم کے ہاتھ اور چہرے پر زخم آئے ہیں اور عملے کو عمارت سے باہر منتقل کر دیا گیا تھا۔

آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر کرسٹائن لگارڈ نے آئی ایم ایف کے خلاف اس ’بزدلانہ پرتشدد کارروائی‘ کی مذمت کی ہے۔دوسری جانب بدھ کو جرمنی کی وزارت خزانہ نے برلن میں ایک پارسل بم وزیرخزانہ وولفگینگ شوئبل کو بھیجنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک یونانی بائیں بازو کے گروپ ’کانسپائریسی آف فائر سیلز‘ نے اپنی ویب سائٹ پر دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے یہ پارسل بھیجا تھا۔

آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر کرسٹائن لگارڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کیا گیا ہے کہ آئی ایم ایف خط کے ذریعے بھیجے گئے بم کی تحقیقات کے لیے فرانسیسی حکام کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ آئی ایم ایف کا شمار ان تین اداروں میں ہوتا ہے جنھوں یورپی کمیشن اور یورپیئن سینٹرل بینک کے ساتھ یونانی حکومت کو بیل آؤٹ پیکج فراہم کیا تھا۔جرمنی میں وزیرخزانہ شوئیبل جمعرات کو امریکی سیکریٹری خزانہ سٹیون منوچن کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقامی پولیس کے حوالے سے بتایا کہ جرمنی کو بھیجا گیا مواد اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا تھا کہ اس کو کھولنے میں ’شدید زخم‘ آسکتے تھے اور اسے وزارت کے ڈاک کمرے میں ناکارہ بنایا گیا۔