سندھ نیشنل فرنٹ کا 30 مارچ کو نوڈیرو میں ہونے والا جلسہ ملک دشمنوں ، کرپٹ حکمرانوںاور جعلی بھٹو کے خلاف ریفرنڈم ہو گا‘زرداری لیگ کو حسین حقانی اور سپریم کورٹ کے ریمارکس کے بعد ملک میں سیاست کرنے کا کوئی حق ہے

سندھ نیشنل فرنٹ کے رہنمائوں انور گجر‘رزاق باجوہ ‘میر عبدالنبی بروہی اور دیگر کا مشترکہ بیان

جمعرات 16 مارچ 2017 23:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مارچ2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ( اطلاعات ) محمد انور گجر ، کراچی ڈویڑن کے کوآرڈی نیٹر رزاق باجوہ ، چیف آرگنائزر میر عبدالنبی بروہی ، عبد الفتح بھٹو ، وجاہت قمبرانی ، اقبال بلوچ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سندھ نیشنل فرنٹ کا 30 مارچ کو نوڈیرو میں ہونے والا جلسہ ملک دشمنوں ، سندھ کے کرپٹ حکمرانوں اور جعلی بھٹو کے خلاف ریفرنڈم ہو گا۔

زرداری لیگ کے خلاف حسین حقانی کے انکشافات اور سپریم کورٹ کے آئے دن سندھ حکومت کے خلاف ریمارکس کے بعد یہ لوگ حکمرانی کرنے کا جواز کھو بیٹھے ہیں۔ حسین حقانی اور سپریم کورٹ کے ریمارکس کے بعد انہیں ملک میں سیاست کرنے کا نہ تو کوئی حق ہے اور نہ ہی سندھ میں حکومت کرنے کے قابل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ کے نااہل اور بدکردار حکمران سندھ کے خزانے پر بوجھ بن کر مزید لوٹ مار اور کرپشن کرکے خود مالا مال اور عوام کو کنگال کر رہے ہیں۔

حسین حقانی اسکینڈل کے بعد زرداری پارٹی معاشی دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ملک دشمن اور غدار بھی ظاہر ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت پورا سندھ کچرے کا ڈھیر ، گڈر کے گندے بدبو دار پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ سندھ کے سرکاری اسپتالوں کی حالت زار انتہائی تشویش ناک ہے۔ مریضوں کو امداد دینے والے اسپتال خود کسی امداد کے منتظر ہیں۔ خاص طور پر تعلیمی ادارے بوگس اور تباہ و برباد کرکے جعلی استادوں کی بے شمار بھرتیاں کرکے کرپشن کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔

محکمہ پولیس عوام کو تحفظ دینے کے بجائے زرداری لیگ کے تحفظ پر مامور ہے اور باقی ان کے مخالفین کو کچلنے کے لیے ہتھیار بن کر استعمال ہو رہا ہے۔ باقی تمام ادارے کرپشن کی نذر اور عام شہریوں کے لیے اس کے دروازے بند ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ عوام کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں۔ شہریوں کو زہریلا پانی پینے کے لیے دیا جا رہا ہے۔ جانوں کا نذرانہ دینے کا واویلہ کرنے والی زرداری لیگ عوام کے جان و مال کی دشمن بن گئی ہے۔

جس کے بعد سندھ حکومت کا اقتدار میں رہنا کسی المیہ سے کم نہیں ہے۔ انور گجر ، رزاق باجوہ نے مزید کہا کہ سندھ نیشنل فرنٹ نے ان نااہل ، بدکردار حکمرانوں سے عوام کو نجات دلانے کے لیے 30 مارچ کو نوڈیرو سے تحریک چلانے کا آغاز کر دیا ہے۔ جس کے لیے سندھ کے باشعور عوام کو اپنے حقوق ، دھرتی کے تحفظ اور ان کرپٹ ملک دشمن حکمرانوں سے نجات کے لیے سندھ نیشنل فرنٹ کی تحریک میں شامل ہو کر سندھ سے نمک حلالی کا ثبوت دینا ہو گا۔