پیپلز پارٹی کا ہر ہفتے ثبوتوں کے ساتھ حکومت کاایک سکینڈل بے نقاب کرنے کا اعلان

کراچی ،لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس کی نجکاری کے نام پر 721 ارب روپے کی میگا کرپشن کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ایئرپورٹس کو فروخت نہیں کیا جا رہا بلکہ حکمران خاندان خود اسے خرید رہا ہے،وزیراعظم اس انڈے دینے والی مرغی کو ذبح نہیں کر رہے بلکہ گھر لے جا رہے ہیں مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور کی شوکت بسرا کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعرات 16 مارچ 2017 23:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر ہفتے ثبوتوں کے ساتھ حکومت کاایک سکینڈل بے نقاب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی ،لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس کی نجکاری کے نام پر 721 ارب روپے کی میگا کرپشن کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ،ان ایئرپورٹس کو فروخت نہیں کیا جا رہا بلکہ پس پردہ رہ کر حکمران خاندان خود اسے خرید رہا ہے،وزیراعظم اس انڈے دینے والی مرغی کو ذبح نہیں کر رہے بلکہ اپنے گھر لے جا رہے ہیں ۔

ان خیالات کا ظہار مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظوری نے پنجاب کے سیکرٹریٹ میں پارٹی رہنما چوہدری شوکت بسرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خریدار کمپنیوں کے پیچھے حکمران خاندان خود ہے ،تینوں ٹینڈر سابق چیئرمین ہوا بازی اتھارٹی شجاعت عظیم کو دیدئیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

چوہدری منظور احمد نے کہاکہہ 74 ارب روپے سالانہ کمانے والی سول ایوی ایشن کی نجکاری کا ہرگز کوئی جواز نہیں جبکہ تینوں ایئرپورٹس کی اراضی کی قیمت 4 ہزار ارب سے بھی زیادہ ہے ۔

وزیر اعظم اس انڈے دینے والی مرغی کو ذبح نہیں کر رہے بلکہ اپنے گھر لے جا رہے ہیں ۔کراچی ایئرپورٹ کی اراضی 31 ہزار 144 ایکڑ ہے ،لاہور ایئرپورٹ کی اراضی1365 ایکڑ اور اسلام آباد ایئرپورٹ کی اراضی 3571 ایکڑ ہے ۔انہوں نے کہاکہ سول ایوی ایشن کے ملازمین نے جو احتجاج کیاہے ،پیپلز پارٹی ان کی مکمل حمایت کرتی ہے ،حکومت نے مزید چھتیس منافع بخش اداروں کو تیزی سے پرایٹائز کرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے جو کہ یہ خود خریدیں گے۔

چوہدری منظور احمد نے کہاکہ حیرت کی بات ہے جب لاہور ائیرپورٹ کو بیچا جا رہا ہے تو وزیر اعظم نے وہاں 73 ارب روپے کے توسیعی منصوبے کا اعلان کیوں کیا ،کیا وہ قوم کا 73 ارب لگا کر ائیر پورٹ کو دلہن کی طرح سجا کر خریدار کمپنیوںکو پیش کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منظوری سے ہم ثبوتوں کے ساتھ ہر ہفتے حکومت کے ایک میگا سکینڈل کو بے نقاب کریں گے ۔

اس موقع پر دستاویزات بھی پیش کی گئیں ۔چوہدری منظور احمد نے کہاکہ نئی انتظامی کمپنیوں کو تین مہینے کے بعد ملازمین کو نکالنے کجا حق بھی دے دیا گیاہے جو صریحا مزدور دشمنی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم بنائیں کہ اسلام آباد ایئر پورٹ کا ٹھیکہ ان کے کس رشتے دار کے پاس ہے ،یہ ٹھیکہ 2013 میں 53ارب روپے کا تھا ،2016 میں 87ارب کا کر دیا گیا اور اب اسی125 ارب روپے تک بڑھا دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اس میگا کرپشن کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اٹھائے گی جبکہ نیب اور سپریم کورٹ کو کھلا خط لکھا جائے گا۔