Live Updates

عمران خان نے چوری کی لیکن الیکشن کمیشن میں تلاشی نہیں دی، ان کی تلاشی ضرور ہوگی،عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس تکنیکی وجوہات پر خارج ہوا ، تاثر یہ دیا گیا کہ انہیں کلین چٹ مل گئی ، وزیراعظم نے اپنے سمیت پورے خاندان کو احتساب کیلئے پیش کیا لیکن اپنے لئے اور اپنے اہلخانہ کیلئے استثنیٰ کبھی نہیں مانگا ،عمران خان مغربی جمہوری نظام کی مثالیں دیتے ہیں ، خود اس پر عمل نہیں کرتے،عمران خان کیلئے یہ امر اذیت ناک ہے کہ وہ سردارایاز صادق سے انتخابات ہارے،عمران خان کی برداشت ختم ہو چکی ہے، وہ ہار چکے ہیں، فوجی عدالتوں پر اتفاق رائے کا اعلان سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کر رہے ہیں جبکہ ان کو سپیکر نہ ماننے والا بھی ساتھ کھڑا ہے،عمران خان مریم نواز سے حسد نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر مقابلہ کریں،نواز شریف نے ہمیں خواتین کی عزت و احترام کی تربیت دی ہے، آپ جیسے جھوٹ بولنے والوں کو ایسا عزت و احترام نہیں ملتا

وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعہ 17 مارچ 2017 00:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2017ء) وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے چوری کی لیکن الیکشن کمیشن میں تلاشی نہیں دی، ان کی تلاشی ضرور ہوگی،عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس تکنیکی وجوہات پر خارج ہوا ، تاثر یہ دیا گیا کہ انہیں کلین چٹ مل گئی ، وزیراعظم نے اپنے سمیت پورے خاندان کو احتساب کیلئے پیش کیا لیکن اپنے لئے اور اپنے اہلخانہ کیلئے استثنیٰ کبھی نہیں مانگا ،عمران خان مغربی جمہوری نظام کی مثالیں دیتے ہیں ، خود اس پر عمل نہیں کرتے،عمران خان کیلئے یہ امر اذیت ناک ہے کہ وہ سردارایاز صادق سے انتخابات ہارے،عمران خان کی برداشت ختم ہو چکی ہے، وہ ہار چکے ہیں، فوجی عدالتوں پر اتفاق رائے کا اعلان سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کر رہے ہیں جبکہ ان کو سپیکر نہ ماننے والا بھی ساتھ کھڑا ہے،عمران خان مریم نواز سے حسد نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر مقابلہ کریں،نواز شریف نے ہمیں خواتین کی عزت و احترام کی تربیت دی ہے، آپ جیسے جھوٹ بولنے والوں کو ایسا عزت و احترام نہیں ملتا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ارکان قومی اسمبلی دانیال عزیز، طلال چوہدری اور مائزہ حمید کے ہراہ پریس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ الیکشن کمیشن مجھ سے ماضی کے مالی معاملات کے بارے میں سوال نہیں پوچھ سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے مخالفین کو ایمانداری کا سبق دیتے ہیں لیکن خود کو احتساب کیلئے پیش نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پورے خاندان کو احتساب کیلئے پیش کیا لیکن وزیراعظم نے خود اپنے لئے اور اپنے اہلخانہ کیلئے استثنیٰ کا حق کبھی نہیں مانگا، عمران خان مغربی جمہوری نظام کی مثالیں دیتے ہیں لیکن خود عمل نہیں کرتے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے پاس سپریم کورٹ میں سچ بولنے کیلئے کچھ نہیں تھا، عمران خان عدالت کے باہر ایک جھوٹی عدالت لگانا بند کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان قومی اسمبلی کے سپیکر کو نہیں مانتے، عمران خان کیلئے یہ امر اذیت ناک ہے کہ وہ سردارایاز صادق سے انتخابات ہارے، وہ 2002میں ہارے اور پھر2013 میں ہارے اور اس کے بعد پھر ہارے، عمران خان کی برداشت ختم ہو چکی ہے، وہ ہار چکے ہیں۔ فوجی عدالتوں پر اتفاق رائے کا اعلان سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کر رہے ہیں جبکہ ان کو سپیکر نہ ماننے والا بھی ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز اپنے کام کی وجہ سے عوام کے دلوں پر راج کرتی ہیں،عمران خان مریم نواز سے حسد نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر مقابلہ کریں، مریم نواز وہ ہیں جنہوں نے پہلا وزیرا عظم تعلیمی اصلاحاتی پروگرام اور ہیلتھ کیئر پروگرام کو آگے لے کر چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جس تقریب میں مریم نواز کی شرکت کے حوالہ سے تنقید کر رہی ہے اس میں سپیکر ایاز صادق مہمان خصوصی تھے جبکہ مریم نواز نے مقرر کی حیثیت سے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیں خواتین کی عزت و احترام کی تربیت دی ہے، آپ جیسے جھوٹ بولنے والوں کو ایسا عزت و احترام نہیں ملتا، عمران خان جھوٹ بولنا بند کریں اور سچ بولیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ انشاء الله 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) ہی کامیاب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چوری کی لیکن الیکشن کمیشن میں تلاشی نہیں دی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان نے پریس کانفرنس کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے، وہ یہ تاثر دے رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن میں وہ اور جہانگیر ترین باعزت بری ہوئے ہیں حالانکہ استثنیٰ مانگنے پر ان کے خلاف ریفرنس ٹیکنیکل وجوہات کی بناء پر خارج ہوا، وہ الزامات کے ذریعے دوسروں کی پگڑی اچھالتے ہیں اور اسے اپنی کامیابی سمجھتے ہیں، یہ سیاست انہوں نے متعارف کرائی ہے، وہ خود بار بار کہتے ہیں کہ استثنیٰ مانگنا چوری کرنے کے مترادف ہے تاہم خود انہوں نے الیکشن کمیشن میں استثنیٰ مانگ کر اپنے منہ پر کالک مل لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بنی گالہ میں اپنے محل کیلئے رقم کی ادائیگی سے متعلق مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں، انہوں نے الیکشن کمیشن میں پوچھے گئے سوالات کے جوابات نہیں دیئے، انہوں نے ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو میں اپنے فلیٹوں کے بارے میں بھی کچھ نہیں بتایا اور وہ بے نامی رکھے ہوئے ہیں حالانکہ وہ خود کہتے ہیں کہ بے نامی ملکیت ٹیکس چھپانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا نام پانامہ لیکس میں کہیں نہیں ہے لیکن ان کے بچوں اور مرحوم والد کا حساب لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے خلاف اپیل کرنا ہمارا قانونی حق ہے، اس فیصلہ کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان مسلم لیگ (ن) پر بلیک میلنگ کا الزام لگاتے ہیں حالانکہ ان پر بیرونی فنڈنگ کا الزام پانامہ کیس سے پہلے کا چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے کوئی سوال نہیں کر سکتا، وہ خود تلاشی نہیں دیتے، خیبرپختونخوا میں احتساب بیورو کا ڈی جی نہیں ہے، صوبہ میں بدعنوانی عروج پر ہے، جہانگیر ترین سند یافتہ کرپٹ ہے، اس کے ملازمین کروڑوں روپے کے مالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین نے تحریری طور پر بدعنوانی کا اعتراف کیا ہے، یہ ان کا کالا کردار ہے، وہ دوسروں پر الزام لگانا بند کریں۔

رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے، اگر انہوں نے چوری نہ کی ہوتی تو تلاشی دیتے، وہ الیکشن کمیشن کو گالیاں دے رہے تھے لیکن اب وہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ پر خوشیاں منا رہے ہیں، عمران خان واحد شخص ہیں جس کے پاس جائیداد اور اولاد کا حساب نہیں ہے۔ رکن قومی اسمبلی مائزہ حمید نے کہا کہ عمران خان کی مریم نواز پر تنقید سے ان کی خواتین کے بارے میں سوچ کی عکاسی ہوتی ہے، عمران خان 2018ء کے انتخابات میں مریم نواز کو خطرہ سمجھتے ہیں، انہیں خیبرپختونخوا میں صحت و تعلیم کے شعبہ پر توجہ دینی چاہئے جس طرح مریم نواز دے رہی ہیں، انتخابات کارکردگی سے جیتے جاتے ہیں الزام تراشی سے نہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات