سعودی وزیر دفاع کی پینٹاگون میں اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات

خطے میں ایرانی مداخلت سمیت اہم امور پر بات چیت

جمعہ 17 مارچ 2017 13:07

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2017ء) امریکا کے دورے کے دوران سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے پینٹا گون میں اپنے امریکی ہم منصب جیمز میٹس اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی۔ دونوں ملکوں کے وزرائ دفاع کے درمیان ہونے والی ملاقات میں عرب خطے میں ایرانی مداخلت سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی وفد کی امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس سے ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ میں داعش کے بڑھتے خطرات اور اس کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششوں، عرب ملکوں میں ایران کی مدخلت، سعودی عرب اور امریکا کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

’الحدث‘ نیوز چینل کے مطابق سعودی عرب کے نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کے درمیان ملاقات تین گھنٹے تک جاری رہی۔ دونوں رہ نماؤں کے خیالات میں علاقائی اور عالمی مسائل پر ہم آہنگی پائی گئی۔ادھر پینٹا گون کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جیمز میٹس اور سعودی نائب ولی عہد کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دو طرفہ دفاعی تعاون، ایرانی سرگرمیوں اورخطے میں ایرانی مداخلت اور داعش کو شکست دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔