Live Updates

ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ ہر صورت منظرعام پر لائیں گے،سینیٹر نہال ہاشمی

جمعہ 17 مارچ 2017 15:17

ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ ہر صورت منظرعام پر لائیں گے،سینیٹر نہال ہاشمی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مارچ2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ ہر صورت منظرعام پر لائیں گے ‘ اگر حسین حقانی غدار ہے تو اس کے ساتھی اور امریکہ میں سفیر تعینات کرنے والے بھی غدار ہیں ‘ وزیر اعظم نواز شریف کو عہدے سے ہٹایا گیا تو ملک کریش کر جائے گا ‘ عمران خان ہمیں بھی وہ دور بین دیں جسے لگا کر نیا پاکستان نظر آتا ہے ‘ کسی اور کو الیکشن لڑوا کر وزیر اعظم بنانے کی باتیں افواہیں ہیں ‘ وزیر اعظم نواز شریف پانامہ کیس سے سرخرو ہوں گے۔

وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ افغانستان کو بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا ‘ اگر بارڈر مینجمنٹ بہتر ہوگی تو تعلقات بھی بہتر ہوں گے ‘ سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان نے معاشی ٹیک آف کر لیا اور اندھیروں سے روشنی میں آ گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملک سے لوڈ شیڈنگ ا ور دہشت گردی کا خاتمہ ہو رہا ہے۔ ملک میں سرمایہ کاری آ رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بے شمار ترقیاتی کام کئے ہیں جو ماضی میں پاکستان کو عدم استحکام کا دوچار ملک کیا جانا تھا آج ملک میں عالمی کانفرنسز ہو رہی ہیں۔ گزشتہ حکومت کے دور میں کرپشن اور کمیشن فروغ پایا ۔ کوئی پاگل شخص ہی ہو گا جو مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ کر کسی اور کو ووٹ دے گا۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی پالیسیز مسلم لیگ(ن) کا فیس ہیں۔ پورے خطے میں وزیر اعظم نواز شریف جیسا تجربہ کار لیڈر نہیں ہے۔ تحریک انصاف خیالی پلائو پکاتی رہ جائے گی۔ وزیر اعظم نواز شریف پانامہ کیس سے سرخرو ہوں گے۔ اس طرح کی چہ مگوئیاں ہوتی رہیں اگر وزیر اعظم کو اس وقت پرائم منسٹر کے عہدے سے ہٹایا گیا تو پاکستان دوبارہ کریش کر جائے گا۔

دہشت گردی دوبارہ آ جائے گی بھارت دوبارہ سرحدوں پر حاوی ہو جائے گا۔ نہال ہاشمی نے کہا کہ ریفرنسز سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ ‘فیصلہ نہیں تھا۔ عمران خان ہمیں بھی وہ دور بین دکھائیں جس سے نیا پاکستان نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائیں گے اگر حسین حقانی غدار ہے تو جس نے اسے لگایا وہ بھی غدار ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات