چیئرمین آئی سی سی ششانک منوہر کے استعفیٰ سے بگ تھری کے خاتمے کے حوالے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا‘ شہریار خان

مختلف ممالک کی کرکٹ ٹیموں کو پاکستان مدعو کرنے کی کوششیں جاری ہیں ،بنگلہ دیش کرکٹ بورد سے بھی بات چیت جاری ہے ‘ میڈیا سے گفتگو

جمعہ 17 مارچ 2017 16:13

چیئرمین آئی سی سی ششانک منوہر کے استعفیٰ سے بگ تھری کے خاتمے کے حوالے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کے استعفیٰ سے بگ تھری کے خاتمے کے حوالے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ، مختلف ممالک کی کرکٹ ٹیموں کو پاکستان مدعو کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں بنگلہ دیش کرکٹ بورد سے بھی بات چیت جاری ہے ۔

گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں قومی کھلاڑیوں کے دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے تربیتی کیمپ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے بھرپور تیاری کی ہے اور میر ی نیک خواہشات ٹیم کے ساتھ ہیں ،ٹیم کے کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ کے اراکین اپنی اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور مجھے پوری امید ہے کہ قومی ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کر ے گی ۔

(جاری ہے)

شہر یار خان نے کہا کہ پی سی بی دنیا ئے کرکٹ کی مختلف کرکٹ ٹیموں کو پاکستان میں مدعو کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلہ میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے بات چیت جاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کے استعفی سے بگ تھری کے خاتمہ کے حوالے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ بگ تھری کے خاتمہ کے معاملہ میں پہلے ہی معاملات پر پیش رفت ہوچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی پتہ نہیں ہے کہ آئی سی سی کا اگلا چیئرمین کون ہوگا ، اگلے دوماہ میں ہونے والے آئی سی سی کے دو اجلاس میں بگ تھری کے خاتمہ پر پیش رفت ہوگی،پی سی بی اس سلسلہ میں اپنا موقف آئی سی سی کو دے چکی ہے ۔