فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع پر مولانا فضل الرحمن کے تحفظات دور کرینگے، اسحاق ڈار

جمعہ 17 مارچ 2017 16:23

فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع پر مولانا فضل الرحمن کے تحفظات دور کرینگے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2017ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع سے متعلق آئینی بل کو حتمی شکل دے دی گئی ہے پیر کو قومی اسمبلی اور منگل کو سینٹ سے منظور ہو جائے گا ۔البتہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کر رہے ہیں تاکہ معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاوئس کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں کیا ۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع پر سیاسی جماعتوں کی شکایات کافی حد تک ختم کر دی ہیں اور اب معاملات کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں تاہم مولانا فضل الرحمان کو اب بھی تحفظات ہیں جن سے رابطہ میں ہیں اور بہت جلد ان کے تحفظات بھی دور کر کے معاملے کو خوش اسلوبی سے طے کر لیں گے انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کے حوالے سے آئینی بل کے مسودے میں ترامیم کر کے اس کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کی ترامیم کے ساتھ مسودہ سب کو بھجوا رہے ہیں اور انشاء اللہ پیرکو قومی اسمبلی اور منگل کو سینٹ سے بھی اس کی منظوری ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے صحافی کے ایک سوال پر کہا کہ فوجی عدالتوں اور پانامہ سمیت اہم قومی امور پر (ن) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کو ایک بجے بلا لیا ہے جس میں (ن) لیگ کے ارکان کو شرکت کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ آپس کی مشاورت سے اہم قومی امور اور مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں ۔ اس حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی کو بھی وضع کیا جائیگا