وزیر قانون رانا ثناء اللہ سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات

آسٹریلیا پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف قربانیوں کی قدر کرتا ہے ‘مارگریٹ ایڈمسن

جمعہ 17 مارچ 2017 18:27

وزیر قانون رانا ثناء اللہ سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2017ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاںسے یہاں آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے ملاقات کی۔آدھا گھنٹہ سے زائد جاری رہنے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور،علاقائی، سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آسٹریلوی ہائی کمشنر نے لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کے کامیاب انعقاد پر پنجاب حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میچ کے انعقاد سے پوری دینا میں پاکستان کا سافٹ اور بطور پُر امن ملک مثبت تاثر ابھرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان ترقی اور خوشحالی کے سفر میں اہم پارٹنر ہیں۔وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ حکو مت پنجاب عوامی فلاح، میرٹ کی بالادستی اور قیام امن کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتہاپسندانہ سوچ کی کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی لازوال قربانیاں ہیں۔مارگریٹ ایڈمسن نے کہا کہ آسٹریلیا سمیت اقوام عالم دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اُبھرتی ہوئی معیشت ہے جسکا مستقبل انتہائی تابناک ہے۔