نیب کی بدعنوانی سے انکار کی مہم انتہائی کامیاب رہی ہے‘ میڈیا، سول سوسائٹی اور معاشرہ کے تمام طبقات نے مہم کو سراہا ہے اور اسے نمایاں کوریج دی ہے‘ نیب بدعنوانی کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ عوام کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہی فراہم کر رہا ہے تاکہ عوام بدعنوانی کے ناسور سے قبل ازوقت چوکنا ہو جائیں

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کا آگاہی اور تدارک کی مہم ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کے بارے جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعہ 17 مارچ 2017 19:17

نیب کی بدعنوانی سے انکار کی مہم انتہائی کامیاب رہی ہے‘ میڈیا، سول سوسائٹی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2017ء) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب کی بدعنوانی سے انکار کی مہم انتہائی کامیاب رہی ہے جس کو میڈیا، سول سوسائٹی اور معاشرہ کے تمام طبقات نے سراہا ہے اور اسے نمایاں کوریج دی ہے کیونکہ نیب بدعنوانی کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ عوام کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہی فراہم کر رہا ہے تاکہ عوام بدعنوانی کے ناسور سے قبل ازوقت چوکنا ہو جائیں۔

یہ بات انہوں نے نیب ہیڈکوارٹر میں آگاہی اور تدارک کی مہم ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کے بارے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بدعنوانی کی روک تھام کے حوالہ سے سارک کے رکن ملکوں میں رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان سارک کا واحد ملک ہے جو کہ کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں 126 سے 116 ویں نمبر پر آ گیا ہے، پاکستان نے نیب کی وجہ سے یہ کامیابی حاصل کی ہے، قومی احتساب بیورو نیب آرڈیننس کے سیکشن 33 سی کے تحت بدعنوانی کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کی تدارک اور آگاہی کی مہم کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر اجاگر کیا جا رہا ہے جسے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف حکومتی، غیر سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا اور معاشرے کے دیگر طبقات کے ذریعے کرپشن کے خلاف شروع کی گئی مہم کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں، مہم کے تحت تمام بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں پر یہ نعرہ بطور اشتہار دیا گیا ہے، 2016ء میں انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر ایوان صدر میں صدر ممنون حسین کی صدارت میں قومی سیمینار منعقد کیا گیا جس میں اعلیٰ سرکاری افسران، سفارتکاروں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

نیب نے ایوان صدر میں صدر مملکت کی قیادت میں ایک واک کا بھی اہتمام کیا۔ نیب اور ہائیر ایجوکیشن کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں جس کے تحت جامعات کے طالب علموں میں آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے اور اس ضمن میں 42 ہزار سے زائد کردار سازی سوسائٹیاں قائم کی گئی ہیں جبکہ نیب ملک بھر کے سکولوں اور کالجوں میں رواں سال ان کردار سازی کی انجمنوں کی تعداد 50 ہزار تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس این جی پی ایل، آئیسکو، لیسکو، گیپکو، فیسکو اور کے الیکٹرک کے ساتھ مل کر کرپشن، بدعنوانی کے خلاف نعرے کو بلز پر پرنٹ کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے تعاون سے تمام 24 لاکھ ڈرائیونگ لائنسسوں پر بدعنوانی سے انکار کا پیغام شائع کیا جا رہا ہے۔ نیب نے عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے موقع پر بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہی کیلئے پی ٹی اے کے تعاون سے تمام موبائلز کمپنیوں کے صارفین کو بدعنوانی سے انکار کے پیغامات بھیجے ہیں۔

پاکستان فلم سنسر بورڈ کے تعاون سے ملک بھر کے سینما گھروں میں قومی ترانہ کے بعد نیب کا بدعنوانی سے انکار کا پیغام پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، نیب نے مؤثر آگاہی اور تدارک کی مہم سے متعلق مثبت اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مہم کو 2017ء میں بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ لوگوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :