کراچی، پولیس کی زیر سرپرستی پاسپورٹ آفس صدر کے قریب شیشہ کیفے کھل گیا

گلی میں واقع عمارت کے گرائونڈ پر دکان میں شیشہ کیفے چلایا جارہا ہے، پولیس کو یومیہ بنیاد پر بھتہ دیا جاتا ہے شیشہ کیفے میں نوجوان بڑی تعداد میں آتے ہیں اور شورشرابہ کرتے ہیں، شکایات کے باوجود پولیس کارروائی نہیں کرتی، علاقہ مکین

جمعہ 17 مارچ 2017 19:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2017ء) صدر پاسپورٹ آفس والی گلی میں پولیس کی سرپرستی میں شیشہ کیفے کھلے عام کھل گیا۔ تفصیلات کے مطابق پریڈی تھانے کی حدود صدر پاسپورٹ آفس والی گلی میں واقعے ایک بلڈنگ کے گرائونڈ فلور پر ایک دکان کے اندر الفاکر شیشہ کیفے چل رہا ہے جہاں پر نوجوان لڑکوں کا بہت رش ہوتا ہے۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ الفاخر شیشہ کیفے پولیس کی سرپرستی میں چل رہا ہے اور پولیس کو روزانہ کی بنیاد پر بھتہ پہنچایا جاتا ہے۔

جس کی وجہ سے الفاخر شیشہ کیفے کو پولیس بند نہیں کرواتی۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ کیفے کی سرپرستی میں پریڈی تھانے کا ہیڈ محرر کرتا ہے اور روزانہ بھتہ بھی اس کا بیٹر وصول کرتا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ کیفے پولیس سرپرستی میں چل رہا ہے اور یہاں پرنوجوان لڑکے بڑی تعداد میں آتے ہیں اور شورشرابا کرتے ہیں جس کی شکایات پولیس کو متعدد بار کرچکے ہیں لیکن پولیس ان کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیتی ہے۔

(جاری ہے)

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شراب کے نشے میں دھت نوجوان اس مقام پر آکر بیٹھتے ہیں اور یہاں پر نوجوان لڑکوں میں لڑائی معمول بن گیا ہے۔ایس ایس پی سائوتھ کاکہنا ہے کہ شیشہ کیفے پر کورٹ کی جانب سے پابندی عائد کی گئی ہے جس کے بعد سائوتھ زون میں ایک بار پھر شیشہ کیفے کیخلاف مہم چلارہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صدر میں چلنے والے الفاخر شیشہ کیفے کی معلومات حاصل کرنے کے بعد اس کیخلاف کارروائی کروں گا اور اس کی سرپرستی کرنے والے پولیس والوں کی بھی خفیہ انکوائری کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :