آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کے استعفے کا افسوس ہوا:چیئرمین پی سی بی

ابھی پتہ نہیں ہے کہ آئی سی سی کا اگلا چیئرمین کون ہوگا، اگلے دو اجلاسوں میں بگ تھری خاتمہ پر پیش رفت ہوگی دنیا ئے کرکٹ کی مختلف کرکٹ ٹیموں کو پاکستان میں مدعو کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ، دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ٹیم کیلئے نیک خواہشات ہیں ،شہریار خان

جمعہ 17 مارچ 2017 20:33

آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کے استعفے کا افسوس ہوا:چیئرمین پی سی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین ششانک منوہر کے استعفے کا افسوس ہوا ہے۔ دنیائے کرکٹ کیلئے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہر یار نے بتایا کہ ابھی پتہ نہیں ہے کہ آئی سی سی کا اگلا چیئرمین کون ہوگا۔

اگلے دو ماہ میں ہونے والے آئی سی سی کے دو اجلاس میں بگ تھری کے خاتمہ پر پیش رفت ہوگی۔ پی سی بی اس سلسلہ میں اپنا موقف آئی سی سی کو دے چکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کے استعفی سے بگ تھری کے خاتمہ کے حوالے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ بگ تھری کے خاتمہ کے معاملہ میں پہلے ہی معاملات پر پیش رفت ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

شہر یار خان نے کہا کہ پی سی بی دنیا ئے کرکٹ کی مختلف کرکٹ ٹیموں کو پاکستان میں مدعو کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلہ میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی کرکٹ ٹیم نے دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے بھرپور تیاری کی ہے اور میر ی نیک خواہشات ٹیم کے ساتھ ہیں۔ ٹیم کے کھلاڑی اور ٹیم انتظامیہ کے اراکین اپنی اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور مجھے پوری امید ہے کہ قومی ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر ے گی۔۔