بینک الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ

باڑیز اور نیوایج ماسٹر پینٹس کی ٹیموں نے مین فائنل کیلئے جبکہ ماسٹر پینٹس (بلیک) اور راوی آٹو نے سب سڈری فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

جمعہ 17 مارچ 2017 20:52

بینک الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2017ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام بینک الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2017ء میںباڑیز اور نیوایج ماسٹر پینٹس کی ٹیموں نے مین فائنل کیلئے جبکہ ماسٹر پینٹس (بلیک) اور راوی آٹو نے سب سڈری فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی باڑیز کی ٹیم نے کل تین میچز کھیلے جن میں سے دو جیتے جبکہ ایک برابر رہا اس طرح پوائنٹس ٹیبل پر باڑیز کی ٹیم نمبر ون آئی۔

نمبر ٹو پوزیشن پر نیوایج /ماسٹر پینٹس کی ٹیم رہی جس نے تین میں سے دو میچز کھیلے جبکہ ایک میں اسے شکست ہوئی۔ تیسری پوزیشن پر راوی آٹو کی ٹیم رہی جس نے تین میں سے ایک میچ جیتا جبکہ دو میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

چوتھے نمبر پر ماسٹر پینٹس (بلیک) کی ٹیم رہی جس نے ایک میچ برابر کھیلا جبکہ دو میں اسے شکست ہوئی۔ لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر کا کہنا تھا کہ بینک الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ میں زبردست میچز دیکھنے کوملے۔

غیرملکیوں کی شمولیت نے بھی اوپن کو چار چاند لگا دیئے۔نیوٹرل امپائرز سے بھی کھیل کا معیار کافی بہتر رہا۔ زندہ دلان لاہور کو بہترین فائنل دیکھنے کو ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سب ٹیمیں پورا سال نیشنل اوپن کی تیاری کرتی ہیں اور اس ٹرافی کو پانا کسی بھی ٹیم کیلئے بہت بڑا اعزاز ہوتا ہے۔ عرفان علی حیدر نے بینک الفلاح کی انتظامیہ خاص کر سی ای او عاطف باجوہ، بینک الفلاح کے گروپ ہیڈ کنزیومر بینکنگ خرم حسین ، ہیڈ آف ویلتھ بینک مینجمنٹ سید محسن علی شاہ، مارکیٹنگ اینڈ ایکٹویشن مینجر عثمان قیصر کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بادشاہوں کے اس کھیل کو سپورٹ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بینک الفلاح مستقبل میں بھی اپنی سپورٹ جاری رکھے گا۔(قیوم زاہد)

متعلقہ عنوان :