ملک میں نجکاری کی آڑ میں قومی اداروں کی لوٹ سیل کی جا رہی ہے ،کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ائیرپورٹس کی نجکاری کے نام پر ہزاروں ارب روپے کی کرپشن کی جا رہی ہے

پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور احمد کا بیان

جمعہ 17 مارچ 2017 21:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مارچ2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ ملک میں نجکاری کی آڑ میں قومی اداروں کی لوٹ سیل کی جا رہی ہے۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ائیرپورٹس کی نجکاری کے نام پر ہزاروں ارب روپے کی کرپشن کی جا رہی ہے۔ اپنے ایک بیان میں چوہدری منظور نے کہا کہ ایک فرنٹ مین شجاعت عظیم کے ذریعے نواز شریف خاندان خود پراپرٹی خرید رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ائیرپورٹ کی اراضی 31ہزار ایکڑ سے زیادہ، لاہور کی اراضی 1400ایکڑ کے قریب اور اسلام آباد ایئرپورٹ کی اراضی 3500ایکڑ ہے جس کی قیمت 4000ارب سے بھی زیادہ ہے۔ وزیراعظم اس سونے کے انڈے دینے والی مرغی کو ذبح نہیں کر رہے بلکہ اپنے گھر لے کر جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری منظور نے کہا کہ 74ارب روپے سالانہ کمانے والی سول ایویشن اتھارٹی کی نجکاری کا کوئی جواز نہیں ہے۔

چوہدری منظور نے کہا کہ حکومت نے مزید 36 منافع بخش اداروں کو تیزی سے نجکاری کرنے کا منصوبہ بنا رکھا جو یہ خود خریدیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ حیران کن بات یہ ہے کہ قومی اداروں کی بے رحمانہ لوٹ سیل کے باوجود کوئی ازخود نوٹس نہیں ہوتا جبکہ نیب نواز شریف کا وفادار اور سیاسی ہتھیار ثابت ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آتا ہے پہلے منافع بخش اداروں کو جان بوجھ کر بدحال کرتے ہیں اور نجکاری کرکے کوڑیوں کے دام اپنے فرنٹ مینوں کے ہاتھوں نیلام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پی آئی اے کے لئے کرائے پر لئے گئے طیاروں پر اربوں کا نقصان ہوا۔ اس نقصان کی سزا پی آئی اے کو دی جائے گی حالانکہ اس نقصان کی ذمے دار خود نواز حکومت ہے۔

متعلقہ عنوان :