اسلام آباد کچہری میں پولیس تحویل میں ملزم پر بدمعاشوں کا حملہ

شدید لہولہان کردیا ،پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے تھانہ منتقل کردیا کچہری کی سیکیورٹی ناقص ہونے کے باعث خفیہ کیمرے ریکارڈنگ کرنے سے محروم رہے

جمعہ 17 مارچ 2017 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2017ء) اسلام آباد کچہری میں پولیس تحویل اور ہتھکڑیوں میں موجود ملزم پر بدمعاشوں نے حملہ کرکے لہو لہان کردیا، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے تھانہ منتقل کردیا، تاہم کچہری کی سیکیورٹی ناقص ہونے کے باعث خفیہ کیمرے ریکارڈنگ کرنے سے محروم رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کچہری اسلام آباد کے ججز انٹری گیٹ پر پولیس تحویل اور ہتھکڑیوں میں موجود ملزم پر بدمعاشوں نے حملہ کرکے زیر تحویل ملزم کو لہولہان کردیا۔

پولیس کے مطابق حملہ آوروں اور ہتھکڑیوں میں موجود ملزم کا آپس میں لین دین بھی تھا۔ تھانہ مارگلہ پولیس نے حملہ آوروں کو گرفتار کرکے تھانہ منتقل کردیا حملہ آوروں کے جتھے میں ایک خاتون بھی موجود تھی جو اس لڑائی جھگڑے کے دوران زمین پر گر کر بے ہوش ہوگئی خاتون کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس تھانہ مارگلہ نے میڈیکل رپورٹ کے انتظار میں ملزمان کو چھوڑ دیا ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل کی رپورٹ میں فریقین کو معمولی زخمی قرار دیا گیا ہے جس پر کوئی قابل دست اندازی جرم نہیں بنتا۔

مذکورہ سارے واقعے کو کچہری کی سکیورٹی کیلئے نصب کئے جانے والے خفیہ کیمرے محفوظ کرنے میں ناکام رہے کیمروں کی ریکارڈنگ میں نہ تو لڑائی جھگڑا ریکارڈ ہوا نہ ملزمان ہی کے چہرے محفوظ کئے جاسکے۔ تھانہ مارگلہ پولیس کے مطابق ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ وہ میڈیا والے ہیں اور ان کا آپسی معاملہ ہے جسے وہ خود حل کرلیں گے۔ واضح رہے کہ ضلع کچہری اسلام آباد ایک حساس جگہ ہے جہاں تین سال قبل دہشت گردی کا ایک اندوہناک واقعہ بھی پیش آچکا ہے۔ (عابد شاہ/عدنان)