رانچی ٹیسٹ : دوسرے دن آسٹریلیا 451رنز بنا کر آئوٹ

انڈیا کا محتاط آغاز ایک وکٹ کے نقصان پر 120رنز بنا لئے ،مرلی وجے 42 اور پجارا 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود آسٹریلیا کی جانب سے کپتان اسمتھ 176 رنز بنا کر نمایاں رہے ،اجے جڈیجا نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ اومیش یادو نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

جمعہ 17 مارچ 2017 21:21

رانچی ٹیسٹ : دوسرے دن آسٹریلیا 451رنز بنا کر آئوٹ
رانچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2017ء) آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان چار کرکٹ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک انڈیا نے مہمان ٹیم کی پہلی اننگز کے 451 رنوں کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 120 رنز بنا لیے ہیں۔انڈیا کی جانب سے آوٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر کے ایل راہل تھے جو کہ اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 67 رنز پر آوٹ ہوئے۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام کے وقت مرلی وجے 42 اور پجارا 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔رانچی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔جمعے کی دوپہر بعد آسٹریلیا کی پوری ٹیم 451 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان سمتھ نے 176 رن سکور کیے اور وہ آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

انھوں نے 361 گیندوں کا سامنا کیا اور 17 چوکے لگائے۔

بلے باز گلین میکسویل نے بھی ٹیسٹ میچوں کی اپنی پہلی سنچری مکمل کی اور نو چوکوں اور دو چھکّوں کی مدد سے 104 رن سکور کیے۔ انڈیا کی جانب سے اجے جڈیجا نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ اومیش یادو نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جمعرات کو جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تھا تو سمتھ 117 اور گلین میکسویل 82 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔سمتھ نے اپنا 53واں ٹیسٹ میچ کھیلتے ہوئے اپنے 5000 ٹیسٹ رنز بھی مکمل کیے۔

رانچی ٹیسٹ کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم میں زخمی ہونے والے بولر مچل سٹارک کی جگہ بیٹ کمنز کو شامل کیا گیا ہے جو پانچ سال کے وقفے کے بعد اپنا دوسرا ٹیسٹ میچ کلھیل رہے جبکہ انڈیا کی ٹیم میں اوپنر وجے مرلی کی واپسی ہوئی ہے۔پونے میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 333 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی جبکہ بنگلور ٹیسٹ میں انڈیا نے 75 رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز ایک،ایک سے برابر کر دی تھی۔۔

متعلقہ عنوان :