علمائے کرام پاکستانی سالمیت پر حملوں کو ناکام بنانے کے لئے آگے آئیں،جماعة الدعوة حافظ آباد

جمعہ 17 مارچ 2017 21:31

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2017ء) پاکستان بنانے میں تاریخ ساز کردار ادا کرنے والے علمائے کرام پاکستانی سالمیت پر کیے جانے والے حملوں کو بھی ناکام بنانے کے لئے آگے آئیںاور نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان اور علامہ اقبال کی حقیقی فکر سے روشناس کروا کر وقت کی اہم ضرورت کو پورا کریں۔ ان خیالات کا اظہار جماعة الدعوة حافظ آباد کے تحت مرکز حیات الاسلام حسن ٹاؤن میں منعقدہ ایک سیمینار میں مختلف علماء کرام نے کیا۔

سیمینار میں جماعة الدعوة حافظ آباد کے ضلعی مسئول ابوذر، مولانا نصراللہ خان بھٹی، مولانا ابراہیم علوی، پروفیسر محمود سلیمان، قاری عبدالحفیظ، مولانا نواز الرحمن و دیگر نے خطاب کیا۔ علماء کرام کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر فرقہ واریت اور لسانیت کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

علماء کرام مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دے کر ان قوتوں کو ناکام بنائیں۔

انہوںنے کہاکہ آج ہمیں فرقہ واریت، لسانیت اورصوبائیت کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر توہین رسالت کے بڑھتے واقعات بھی انہی سازشوں کا حصہ ہے۔ پاکستان اسلام کی مکمل تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کے لئے قائم کیا گیا تھا۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے ہر تقریر میں اسلام کو اس ریاست کی بنیاد قرار دیا۔

اس لئے ہم نظریہ پاکستان کو مدنظر رکھ کر ہی ملک کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لبر ل ازم اور سیکولرازم کے نام پر ہمارے ازلی دشمن کے ساتھ دوستیوں کی باتیں ہو رہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کیا جا چکا ہے۔ پاکستانی حکمران کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بھول کر دوستی کی پینگیں بڑھانے کی فکر میں مصروف ہیں۔ ابوذرنے کہا کہ آج قوم میں ایک مرتبہ پھر پاکستان کو زندہ کرنے کے لئے علماء کرام کو کھڑا ہونا ہو گا۔ علمائے کرام کا یہ فرض ہے کہ وہ گلی محلوں کی سطح پر نظریہ پاکستان اور اس کی اہمیت کو اُجاگر کریں۔

متعلقہ عنوان :