مسلم امةکو انتشار سے بچانے اور متحد کرنے کیلئے پاکستان اور سعودی عرب کو بنیادی کردار ادا کرنا ہے ‘طاہر محمود اشرفی

مکة المکرمہ میں ہونے والی عالمی کانفرنس ، عالمی اسلامی فکری اتحاد کے قیام کی طرف اہم قدم ہو گا‘مرکزی چیئرمین پاکستان علما ء کونسل

جمعہ 17 مارچ 2017 21:35

مسلم امةکو انتشار سے بچانے اور متحد کرنے کیلئے پاکستان اور سعودی عرب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2017ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محموداشرفی نے کہا ہے کہ انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے مسلم امة کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے ، مکة المکرمہ میں ہونے والی عالمی کانفرنس سے مسلم امة کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مکة المکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کے تحت دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس پر روانگی سے قبل ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر مولانا محمد اشفاق پتافی ، قاری عبد الحکیم اطہر ، مولانا اسلام الدین ، مولانا محمد اسلم ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا اسید الرحمن ، مولانا محمد مشتاق لاہوری، مولانا حبیب الرحمن عابد بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مسلم امةکو انتشار سے بچانے اور متحد کرنے کیلئے پاکستان اور سعودی عرب کو بنیادی کردار ادا کرنا ہے ۔ مکة المکرمہ میں ہونے والی عالمی کانفرنس ، عالمی اسلامی فکری اتحاد کے قیام کی طرف اہم قدم ہو گا۔انہوں نے کہا کہ انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف دوسری پیغام اسلام کانفرنس 12 اپریل کو اسلام آباد میں ہو گی جس میں عالم اسلام کے قائدین شریک ہوں گے ۔