پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی، آصف علی زرداری

جمہوریت کی مضبوطی سے ہی صوبوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکتا ہے، سابق صدرکی سردار اختر مینگل، سردار اسرار اللہ زہری سے گفتگو

جمعہ 17 مارچ 2017 23:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2017ء) بلوچستان کے سابق وزیراعلی سردار اختر مینگل اور سردار اسرار اللہ زہری جمعہ کو آصف علی زرداری سے بلاول ہائوس کراچی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر علی مدد جتک بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سردار اختر مینگل اور سردار اسرار اللہ زہری نے آصف علی زرداری کو بلوچستان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ہماری پارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کی جدوجہد کی ہے۔ پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت نے صوبے کے زخم بھرنے کے لیے آغاز حقوق بلوچستان پروگرام شروع کیا ہے۔ جمہوریت کی مضبوطی سے ہی صوبوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکتا ہے۔