Live Updates

الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان کے اخلاقی رویے پر افسوس ہے‘ الیکشن کمیشن نے تکنیکی بنیادوں پر یہ فیصلہ دیا ہے‘ یہ بات سچ ہے کہ دوسروں کی تلاشی کا شور کرنے والے اپنی تلاشی دینے کو تیار ہی نہیں اور قانون کے پیچھے چھپ رہے ہیں

وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ 17 مارچ 2017 23:45

الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان کے اخلاقی رویے پر افسوس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2017ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے اخلاقی رویے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تکنیکی بنیادوں پر یہ فیصلہ دیا ہے لیکن یہ بات سچ ہے کہ دوسروں کی تلاشی کا شور کرنے والے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اپنی تلاشی دینے کو تیار ہی نہیں اور قانون کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ تحریک انصاف کی قیادت شریف خاندان سے تو تین نسلوں کا حساب مانگتے ہیں لیکن جب حساب دینے کی اپنی باری آتی ہے تو قانون کے پیچھے چھپنے لگ پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو فیصلہ عمران خان کے حق میں آتا ہے اسے تو وہ قبول کر لیتے ہیں لیکن جو فیصلہ ان کی مرضی کے مطابق نہ ہو اس پر شور کرنے لگ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر واقعی صاف و شفاف ہیں اور انہوں نے کوئی چوری نہیں کی تو انہیں چاہیئے تھا کہ وہ اپنی تلاشی دے دیتے اوراس مقدمے کو چلنے دیتے تاکہ مقدمے کا فیصلہ ہو سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی کی ذاتی زندگی کا مقدمہ عوام کے سامنے پیش نہیں کرنا چاہیئے۔ عمران خان صاحب ایک طرف تو کہتے ہیں کہ الیکشن سے 6سال قبل جو ہوا اس کو ایڈمٹ نہیں کر سکتے لیکن دوسری طرف وہ تین نسلوں کا حساب مانگتے ہیں۔

ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوسروں کی تلاشی کا شور کرنے والی پی ٹی آئی کو یہ بتانا چاہیئے کہ انہوں نے اپنی تلاشی کیوں نہیں دی، وہ کیوں قانون کے پیچھے چھپی اگر آپ سچے تھے اور کوئی غلطی نہیں کی تھی تو پھر کیوں نہیں کہا کہ ہم تلاشی کے لیے حاضر ہیں مقدمہ چلائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی طور پر تو عمران خان کو تلاشی دینی چاہیئے تھی لیکن انہوں نے تکنیکی چیزوں کا سہارا لیکر اپنا ٹرائل نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عدالتوں کا احترام کرنے والی جماعت ہے اس لیے عدالت نے جو بھی فیصلہ کیا ہمیں قبول ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات