سعودی عرب میں معروف مبلغ عوض القرنی پر ایک لاکھ ریال جرمانہ اور ٹوئیٹر اکانٹ کی بندش

ہفتہ 18 مارچ 2017 13:54

سعودی عرب میں معروف مبلغ عوض القرنی پر ایک لاکھ ریال جرمانہ اور ٹوئیٹر ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مارچ2017ء) سعودی عرب میں خصوصی فوج داری عدالت نے معروف مبلغ عوض القرنی کے خلاف ایک لاکھ ریال جرمانے کا ابتدائی حکم جاری کرتے ہوئے ٹوئیٹر پر ان کے اکائونٹ کی بندش کے ساتھ القرنی کو کسی بھی نوعیت کی ٹوئیٹ سے روک دیا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دی عرب میں خصوصی فوج داری عدالت نے معروف مبلغ عوض القرنی کے خلاف ایک لاکھ ریال جرمانے کا ابتدائی حکم جاری کیا ہے ۔

یہ پیش رفت القرنی کی جانب سے ٹوئیٹر پر ایسا مواد پوسٹ کرنے کے ثابت ہونے کے بعد سامنے آئی ہے جو مملکت کے عام نظام کے لیے ضرر رساں شمار کیا گیا۔ عدالت کے مطابق القرنی کی ٹوئیٹس معاشرے کے اپنی قیادت کے ساتھ تعلق اور مملکت کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات پر اثر انداز ہونے والی ہیں۔

(جاری ہے)

عوض القرنی کے مطابق انہوں نے ریاض میں خصوصی فوج داری عدالت کے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے جس میں القرنی پر ایک لاکھ ریال جرمانہ عائد کیے جانے کے علاوہ ان کے ٹوئیٹر اکانٹ کی بندش کا حکم جاری کیا گیا۔

عوض القرنی نے اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ عدالت نے استغاثہ کی جانب سے القرنی پر دس لاکھ ریال جرمانے کا مطالبہ مسترد کر کے ایک لاکھ ریال پر اکتفا کیا۔ اس کے علاوہ عدالت نے القرنی پر سفر کی پابندی عائد کرنے کا مطالبہ بھی مسترد کر دیا۔