آسٹریلوی ہائی کمشنر کی وزیر تعلیم رانا مشہود سے ملاقات

جنوبی ایشیاء میں پنجاب فروغ تعلیم کی بہترین مثال بن کر ابھرا ہے‘رانا مشہود

ہفتہ 18 مارچ 2017 17:04

آسٹریلوی ہائی کمشنر کی وزیر تعلیم رانا مشہود سے ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں سے آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر فریقین نے تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں حکومت پنجاب اور آسٹریلیا کے درمیان دو طرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر رانا مشہود نے آسٹریلین ہائی کمشنر کو سکول ایجوکیشن کے شعبہ میں اصلاحات کے عمل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب اپنی بے مثال تعلیمی کارکردگی کی بدولت پورے جنوبی ایشیاء میں روشن مثال بن کر ابھرا ہے۔ حکومتی کوششوں سے سکولوں میں شرح داخلہ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب ماڈل کو دنیا بھر میں مثال کے طور پر لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی طالبعلموں میں بیرون ملک تعلیم کا رجحان بڑھا ہے اور آسٹریلیا میں پاکستانی طالبعلموں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے نوجوان تعلیم کو بنیاد بنا کر زندگی کی راہ میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں طالبعلموں کی تعلیم تک بلا امتیاز رسائی سے حقوق اطفال کے تقاضے پورے ہو رہے ہیں اور اس طرح پنجاب ایک چائلڈ فرینڈلی صوبہ بن کر سامنے آیا ہے۔اس موقع پر آسٹریلین ہائی کمشنر مارگیٹ ایڈمسن نے حکومت پنجاب کی تعلیمی اصلاحات کو سراہا۔