جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن کل فیصل آباد جائیں گے

ہفتہ 18 مارچ 2017 18:52

جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن کل فیصل آباد جائیں گے
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2017ء) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر مولانا فضل الرحمن کل(اتوارکو)فیصل آباد آئیں گے۔ جہاں وہ جمعیت علماء کی تحفظ ختم نبوت، ناموس رسالتؐ وتحفظ مدارس دینیہ ، نفاذ اسلام کی سو سالہ جدوجہد صد سالہ اجتماع 7تا9اپریل اضاخیل پشاور کی تیاریوں کے سلسلے میں جمعیت علماء اسلام ضلع فیصل آباد کے زیراہتمام صبح 10بجے جامعہ اسلامیہ امدادیہ ستیانہ روڈ پر ضلعی امیر مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ کی زیرصدارت ’علماء کنونشن‘ سے خطاب کریں گے۔

جس کی میزبانی وفاق المدارس العربیہ کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن وصدر جامعہ امدادیہ مفتی محمد طیب، مولانا محمد زاہد، مہتمم جامعہ دارالقرآن قاری محمد یاسین ودیگر حضرات کریں گے۔

(جاری ہے)

جے یوآئی پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی مظہر اسعدی سمیت تمام تحصیلوں ، صوبائی وقومی حلقوں کے ٹکٹ ہولڈرزاور جے یوآئی کے عہدیداران وکارکنان بھی اس کنونشن میں شرکت کریں گے۔

علاوہ ازیں شہر کے مقامی ہوٹل میں شام7بجے عشائیہ میں شہر کے اہم صنعتکار، تاجر تنظیموں کے عہدیداروں سے خطاب کے علاوہ وکلاء، سول سوسائٹی، طلباء، نوجوانوں کے وفود سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن سے وفود اور انفرادی ملاقات کیلئے خصوصی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔ ان کی خصوصی سیکورٹی کے پیش نظر دعوت نامے اور اس میں طے شدہ جگہ ووقت کے بغیر ملاقات نہیں کرائی جائے گی۔ قائد جمعیت جھنگ میں نقشبندی اجتماع صوفیاء میں شرکت کے بعد فیصل آباد پہنچیں گے جہاں وہ مصروف دن گزاریں گے۔مقامی انتظامیہ نے جے یوآئی کی ضلعی قیادت کوقائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے فول پروف سیکورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرادی ہے۔

متعلقہ عنوان :