پاکستان اور تاتارستان کے درمیان معاہدوں سے دونوں ملکوں کی سلامتی ،استحکام اور باہمی رشتے مضبوط بنیادوں پر استوار ہونگے‘ رفیق رجوانہ

پاکستان معاشی طور پر ایک مضبوط ملک تصور کیا جارہا ہے،سی پیک منصوبے سے خطے میں پاکستان کی معاشی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ‘ گورنر پنجاب

ہفتہ 18 مارچ 2017 19:25

پاکستان اور تاتارستان کے درمیان معاہدوں سے دونوں ملکوں کی سلامتی ،استحکام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ خانہ شماری اور مردم شماری کسی بھی ملک کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے ، یہ آبادی کے لحاظ سے وسائل کی منصفانہ تقسیم، این ایف سی ایوارڈ سمیت مستقبل کی منصوبہ بندی میں بہت مدد دیتی ہے، 1998ء میں مردم شماری پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں ہوئی اب بھی مرد م شماری کا اعزاز (ن) لیگ کی حکومت کو ہی حاصل ہورہا ہے۔

یہ بات انہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں چیف کمشنر مرد شماری آصف باجوہ، کمشنر شماریات عارف انور بلوچ سمیت مرد م شماری کی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے گورنر پنجاب سے ملاقات کی اور مردم شماری کا فارم بھی پُر کروایا۔ گورنر پنجاب نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ عوام میں مردم شماری کی اہمیت کا احساس اور شعور اجاگر ہوا ہے اور لوگ اس عظیم کام میں پورے جذبے کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مردم شماری ایسا کام ہے جو ہر دس سال بعد ہونا چاہئے کیونکہ اس کی بدولت یہ معلوم ہو جاتا ہے آبادی درست اندازہ لاگایا جا سکتا ہے۔ گورنر نے افواج پاکستان، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملک میں دہشت گردی ہو، سیلاب یا کوئی ناگہانی آفت ہمارے فوجی جوانوں ، ملازمین ، پولیس ، قانون نافذ کرنیوالے ادارے قوم کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں جس پر پوری قوم کوفخر ہے۔

انہوں نے ملک میں اًمن، سرحدوں کی حفاظت میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے عوام سے درخواست کی کہ وہ مردم شماری کے قومی فریضہ میں بھر پور تعاون کریں۔ دریں اثناء، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے گورنر ہائوس لاہور میں تاتارستان کے صدر رستم منی خانوف اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے تجارتی وفد کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پُر اًمن ملک ہے اور وہ دُنیا میں اًمن کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی، انتہا پسندی کی ہر جگہ، ہر مقام اور ہر ملک میں پُر زور مذمت کرتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور تاتارستان کے درمیان تعلقات ایسے دوروں اور ملاقاتوں سے نہ صرف مضبوط ہوں گے بلکہ دونوں ممالک کے لوگوں کو مزید قریب لانے کے لئے مفید ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے معاہدوں پر دستخط درحقیقت دلوں پر دستخط ہیں جس سے دونوں ملکوں کی سلامتی اور استحکام اور باہمی رشتے مضبوط بنیادوں پر استوار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر ایک مضبوط ملک تصور کیا جارہا ہے۔ گورنر نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے خطے میں پاکستان کی معاشی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے جس سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کواستفادہ حاصل کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کازیادہ سے زیادہ تبادلہ ہونا چاہئے۔ اس موقع پر تاتارستان کے صدر رستم منی خانوف نے کہا کہ تارتاستان پاکستان میں تجارت کے شعبے سمیت، تعلیم اور ٹریڈ کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے ماہرین سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر نے اس موقع پر گورنر پنجاب کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں باقائدہ دورے کی دعوت بھی دی۔قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق نے گورنر ہائوس لاہور میں صدر مملک ممنون حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ اس سے قبل گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے صدر مملکت ممنون حسین کا لاہور ایرپورٹ پر استقبال کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔