پاکستان کو لبرل بنانے کی کوششوں کیخلاف اورتحفظ نظریہ پاکستان کیلئے ملک گیر تحریک بھرپور انداز میں جاری رکھی جائے گی ، نظریہ پاکستان ، آزادی کشمیر اور پاکستان کی بنیاد اسلام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے ،تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں نظریہ پاکستان کے احیاء کے لئے متحد و بیدارہیں ، حافظ سعید کی نظر بندی امریکہ و بھارت کو خوش کرنے کے لیے کی گئی ، کشمیریوں کو یہ پیغام دینے کی سازش ہے کہ تمھارا پشتبان نظر بند ہے ،کشمیر کو آزاد کروانے سے ہی تکمیل پاکستان ہو گی ،اسلامی ایٹمی پاکستان دنیائے کفر کو برداشت نہیں ‘ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد بند کروایا جا ئے

مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین حافظ عبدالرحمن مکی ،محمد علی درانی ، اجمل وزیر ،احمد رضا قصوری، عبداللہ حمید گل اور دیگر کا نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 18 مارچ 2017 20:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مارچ2017ء) مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین، علماء کرام اور تاجر رہنمائوںنے نظریہ پاکستان رابطہ کونسل اور جماعةالدعوة کی نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو لبرل بنانے کی کوششوں کیخلاف اورتحفظ نظریہ پاکستان کیلئے ملک گیر تحریک بھرپور انداز میں جاری رکھی جائے گی۔

نظریہ پاکستان ، آزادی کشمیر اور پاکستان کی بنیاد اسلام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے ،تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں نظریہ پاکستان کے احیاء کے لئے متحد و بیدارہیں۔ حافظ سعید کی نظر بندی امریکہ و بھارت کو خوش کرنے کے لیے کی گئی ، کشمیریوں کو یہ پیغام دینے کی سازش ہے کہ تمھارا پشتیبان نظر بند ہے۔کشمیر سمیت وہ تمام علاقے جہاں بھارت نے غاصبانہ قبضہ کیا انہیں آزاد کروانے سے ہی تکمیل پاکستان ہو گی۔

(جاری ہے)

اسلامی ایٹمی پاکستان دنیائے کفر کو برداشت نہیں ‘ وہ اسے عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے خوفناک سازشیں کر رہے ہیں۔آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں کے اثرات زائل کرنے کیلئے لبرل ازم کی باتیںہو رہی ہیں ، سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد بند کروایا جا ئے اور بیرون ملک فرار ہونے والے گستاخ بلاگرز کو واپس لاکر ان پر مقدمات چلائے جائیں۔ پاکستان لاالہ الااللہ کی جاگیر ہے‘اس ملک کا مستقبل اسلام ہے۔

ان خیالات کا اظہاردفاع پاکستان کونسل اور جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی،پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما محمد علی درانی ، مسلم لیگ ق کے سینئر رنائب صدر اجمل خان وزیر، آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما احمد رضا قصوری، تحریک نوجوان پاکستان کے سربراہ عبداللہ حمید گل ، انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ، انصار الامہ کے مرکزی رہنما ڈاکٹر بدر نیازی،مسئول جماعة الدعوة اسلام آباد شفیق الرحمن ، مرکزی رہنما جماعة الدعوة عبدلوحید شاہ و دیگر نے جامع مسجد قباء آئی ایٹ مرکز میں ہونے والی نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

کانفرنس میں شہر اوراس کے گردونواح سے تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کا مطلب کیا‘ لاالہ الااللہ اور نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے ،حافظ محمد سعید سے رشتہ کیا لاالہ الا اللہ‘ کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ ، حرمت رسول ؐ پر جان بھی قربان ہے کے زور دار نعرے لگائے جاتے رہے۔

دفاع پاکستان کونسل اورجماعة الدعوة کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا کہ 23مارچ سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ، انگریزوں نے برصغیر چھوڑتے وقت ہندوئوں سے مل کر سازش کی اور پاکستان کے کچھ حصے ہتھیا لیے اب ہمیں یہ حصے واپس لے کر تکمیل پاکستان کرنی ہے، سوچی سمجھی سازش کے تحت حکومتی مشنری اس ملک کو سیکولر ثابت کرنے پر تلی ہوئی ہے لیکن ہم تاریخ کو مسخ نہیں ہونے دیں گے ، قائد اعظم نے کبھی گاندھی سے نہیں کہا کہ تم ہولی میں مجھے دعوت دو اور مجھ پر رنگ پھینکو ، یہ ملک صرف اسلام کے لیے حاصل کیا گیا تھا یہاں وہی رہے گا جو اسلام کے ساتھ چلے گا۔

پاکستان نے اپنا وجود منوایا ہے ، روس کو شکست ہوئی اور امریکہ بھی رسوا ہو کر جا رہا ہے اب پھر نقشے بدلیں گے اور اس پاکستان کی تکمیل ہو گی جس کا وعدہ قائد اعظم کے ساتھ کیا گیا تھا ۔انہوںنے کہاکہ قیام پاکستان کے وقت نعرہ لگا تھا مسلم ہے تو مسلم لیگ میں آ ۔ تحریک آزادی کشمیر کامیاب ہو گی ۔یہ اللہ کا بہت بڑا انعام ہے کہ آج سری نگر ،مقبوضہ کشمیر کے ہر شہر میں پاکستان کا جھنڈا اٹھا یا جا رہا ہے اور پاکستان سے رشتہ کیا‘ لاالہ الااللہ کا نعرہ لگایا جا رہا ہے۔

یہ تکمیل پاکستان کا سفر ہے۔کشمیر آزاد ہو گا تو پاکستان مکمل ہو گا۔اسی طرح سارے مقبوضہ علاقے انڈیا نے جہاں فوج داخل کی تھی اس کو آزاد کروانا تکمیل پاکستان ہے۔پاکستان لاالہ الااللہ کی جاگیر ہے۔ اس ملک کو ہمیں اسلامی پاکستان بنانا ہے اور اس تحریک کو پورے ملک کے گلی کوچے میں کھڑا کرنا ہے۔لبرل ازم کے مقابلے میں نظریہ پاکستان کی تحریک بہت بڑی تحریک ہے۔

حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ دنیا نہیں چاہتی کہ ایٹمی پاکستان عالم اسلام کی قیادت کرنے والا ملک بنے۔اس لئے وہ اس کے خلاف خوفناک سازشیں کر رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما محمد علی درانی نے کہا کہ نظریہ پاکستان کے سب سے بڑے محافظ وہ ہیں جو کشمیر میں پاکستان کے جھنڈے لہرا رہے ہیں اور تکمیل پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں ، آج سری نگر میں لاہور سے زیادہ سبز ہلالی پرچم لہرا رہے ہیں ، نظریہ پاکستان ، آزادی کشمیر اور اس کی اساس یعنی اسلام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا انہوں نے کہا جس دن سے حافظ سعید کی نظر بندی کی اطلاع ملی ہے یہ سوچ لیا کہ اب خاموشی جرم ہے ، حافظ سعید کو نظر بند کر کے کشمیریوں کو یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کا پشتیبان نظر بند ہے۔

حافظ محمد سعید کشمیر یوں کے دلوں میں رہتے ہیں ان کی نظر بندی بھارت کو خوش کرنے کے لیے کی گئی ہے ، کشمیر کی آزادی اورکشمیریوں کے خون کا بدلہ لیے جانے تک بھارت سے دوستی نہیں ہو سکتی ، محمد علی درانی نے کہا کہ اگر وزیر اعظم یہ سوچتے ہیں کہ ان کو بھارت دوستی کے مینڈیٹ پر وزیر اعظم منتخب کیا گیا ہے تو میں کہتا ہوں آئندہ انتخابات بھی بھارت دوستی کے منشور پر لڑیں تو ان کے امیدواران کی ضمانتیں بھی ضبط ہو جائیں گی اور عوام پاکستان کے کسی شہر تو کیا جاتی عمرہ میں بھی جلسہ نہیں کرنے دیں گے۔

مسلم لیگ ق کے سینئر نائب صدر اجمل خان وزیر نے کہا کہ حکمرانوں کی ترجیحات پیسہ بنانا اور کرسی بچانا ہے ۔کرپشن دبانے کے لیے حافظ سعید کو نظر بند کر دیا جا تا ہے ، یہاں ملک لوٹنے والوں کو وی آئی پی پروٹوکول دیا جاتا ہے جبکہ جوتا چرانے والوں کو جیل بھیج دیا جاتا ہے جب احتساب کی بات کی جاتی ہے توشور شروع ہو جاتا ہے کہ جمہوریت کو خطرہ ہے ، انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ان تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے نظریہ پاکستان کو اجاگر کروانے کے لیے کام کیا ۔

گستاخانہ مواد کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ، حکومت جواب دے کہ بلاگرز کیسے ملک سے فرار ہو گئے ، گستاخانہ مواد کو بند کیا جائے۔ اجمل خان وزیر نے کہا کہ بھارت امریکہ اور افغانستان کے پاکستان کے خلاف گٹھ جوڑ پر وزارت خارجہ کو سوچنا چاہیے ، وزارت دفاع اور خارجہ حکمرانوں کی نہیں بلکہ پاکستان کی ہیں ، آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما احمد رضا قصوری نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد لسانی ، صوبائیت ، ثقافتی یا جغرافیائی نہیں ہے بلکہ مسلم قومیت کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا ، قائد اعظم اور ان کے ساتھیوں نے گلی گلی شہر شہر پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ کا نعرہ لگایا ، 23مارچ کا دین تجدید عہد کا دن ہے کہ جن اصولوں پر پاکستان بنایا تھا اب انہی اصولوں پر اس کی تعمیر کرنی ہے ، تحریک نوجوان پاکستان کے سربراہ عبداللہ حمید گل نے کہا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد اسلا م کی عملی تجربہ گاہ بنانا تھی یہ اس لیے نہیں بنایا تھا کہ یہاں پہر لبرل ازم یا سیکولر ازم چلایا جائے ، مغربی قوتیں ہمارے بدن سے روح محمد نکالنا چاہتی ہیں ، کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ ملک کو سیکولر بنا دیا جائے لیکن ان کی یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، پاکستان لاالہ الا اللہ کی بنیاد پر بنا تھا اس میں قانون بھی اسلام کا چلے گا ، انہوں نے کہا کہ ہولی منانے والے بتائیں کیا مودی گائے ذبح کرنے کے لیے تیار ہے حافظ سعید کو نظر بند کرکے کیا پیغام دیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ حافظ سعید کو نظر بند کرکے جماعت کو توڑنے کی سازشیں ناکا م ہوں گی ، گستاخانہ مواد کو روکنے کے لیے مل کر جدوجہد کرنی ہو گی ورنہ اللہ کو کیا منہ دکھائیں گے ، انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ 23مارچ 1940 کو جو نظریہ پیش کیا گیا حافظ سعید کا بھی وہی نظریہ ہے ، آج ہم اپنے نظریے سے پیچھے ہٹ رہے ہیں ، ہمیں حافظ سعید بننا ہے اگر بن گئے تو ہندو کبھی اپنے قاصد میں کامیاب نہیں ہو گا دوقومی نظریے کا واضح پیغام یہ ہے کہ ہم کافروں کے ساتھ نہیں رہ سکتے ۔

انصار الامہ کے رہنما ڈاکٹر بدر نیازی نے کہا کہ پاکستان کی حفاظت کے لیے تن من دھن قربان کر دیں گے ، مسئول جماعة الدعوة اسلام آباد شفیق الرحمن نے کہا کہ آج ہم یہاں نظریہ پاکستان کی بنیاد پر اکٹھے ہوئے ہیں اگر اسی نظریے پر اکٹھے ہو گئے تو فرقہ واریت ، صوبائیت ، لسانیت پر تمام جھگڑے ختم ہو جائیں گے ، لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں تو اللہ نے ہمیں یہ نعمت پاکستان عطا کی ، وزیر اعظم نے ہولی کی تقریب میں شامل ہو کر دوقومی نظریے کی نفی کی ہے ، مودی نے ڈھاکہ میں کھڑے ہو کر نعرہ لگایا تھا کہ ہم نے پاکستان توڑا ہے ، پاکستان کو بنجر کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ہمارے پانیوں پر ڈیم تعمیر کیے جا رہے ہیں اور ہمارے وزیر اعظم بھارت دوستی کی باتیں کر رہے ہیں ، مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر آلو پیاز کی تجارت کی اجازت نہیں دیں ، انہوں نے کہا کہ جو اللہ کے بنی ؐ کی شان میں گستاخی کرے گا وہ اپنے انجام کو پہنچے گا حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے شرپسندوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائے ،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ابو محمد سلفی اور عبدلوحیدشاہ نے کہا کہ گستاخ رسول ؐ کی کوئی معافی نہیں ہے ،گستاخ بلاگرز کو اسلامی شریعت کے مطابق سزائیں دینی چاہئیں ، ہمارے اکابرین نے یہ ملک اسلام کی بنیاد پر حاصل کیا لیکن سیکو لر لابی اس کے خلاف سازشیں کر رہی ہے جماعة الدعوة وطن عزیز پاکستان اور نظریہ پاکستان کا دفاع کرے گی ۔