کینیڈا میں تعینات ہونے والے چین کے نئے سفیر لو شائو ژی کی پاکستانی ہائی کمشنر طارق عظیم خان سے ملاقات

ہفتہ 18 مارچ 2017 20:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2017ء) کینیڈا میں تعینات ہونے والے چین کے نئے سفیر لو شائو ژی نے اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمشنر طارق عظیم خان سے ملاقات کی اور پاک چین دوستی کو فقید المثال اور دیگر ممالک کیلئے قابل رشک قرار دیا۔ اوٹاوا کی طرف سے یہاں موصولہ پیغام کے مطابق ہائی کمشنر طارق عظیم خان نے چینی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ کام کرنے میں انتہائی خوشی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین سٹریٹجک تعلقات کی اہمیت پر ہے کہ یہ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نہ صرف چین اور پاکستان کیلئے فائدہ مند ہے بلکہ خطہ کے تمام ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا اور ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

(جاری ہے)

چینی سفیر نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن کے دورہ سے انہوں نے اوٹاوا میں موجود سفارتکاروں سے اپنے رابطوں کا آغاز کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان چین کیلئے ایک اہم ترین ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مثالی دوستی دوسری قوموں کیلئے باعث رشک ہے۔ انہوں نے ہائی کمشنر کو آگاہ کیا کہ چین کی حکومت رواں سال مئی میں ایک اعلی سطحی بین الاقوامی کانفرنس منعقد کروا رہی ہے اور علاقائی تجارت سے متعلق مواقع تلاش کرنے کیلئے کانفرنس میں 25 سے زائد سربراہان مملکت کی شرکت متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :