پاکستان ہندو کونسل کے زیراہتمام مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی کی سالانہ9ویں تقریب کا انعقاد19مارچ کو ہو گا

پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 18 مارچ 2017 20:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مارچ2017ء) پاکستان ہندو کونسل کے زیراہتمام ملک بھر کے غریب مستحق ہندو جوڑوں کیلئے اجتماعی شادی کی9ویں رنگارنگ ثقافتی تقریب کا انعقاد اتوار کوبتاریخ 19مارچ کوساڑھے پانچ بجے وائی ایم سی اے گراؤنڈبمقابل گورنر ہاؤس کراچی میںکیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے میڈیا کے نام دعوت نامے جاری کرتے آگاہ کیا کہ ہولی تہوار کی مناسبت سے رواں برس کی رنگارنگ تقریب کے موقع پرگورنر سندھ محمد زبیر، وزیرمملکت برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی پیر محمد امین الحسنات شاہ، ایم ڈی پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ، فیصل ایدھی، پنجاب کے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور اور انسانی حقوق طاہر خلیل سندھو،وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر جیون کھٹومل، ماریشس کے سفیر سمیت دیگر قومی و سماجی شخصیات نوبیاہتا جوڑوں کو نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کرنے کیلئے موجود ہوں گے، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے ہندو میرج ایکٹ کی پارلیمنٹ سے منظوری کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پا کستان کا آئین غیرمسلموں کو مکمل مذہبی آزادی کی فراہمی یقینی بناتا ہے ،قیام پاکستان سے ہندو کمیونٹی کو درپیش مسائل میں سے ایک اہم ترین مسئلہ شادیوں کے حوالے سے رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہندو اجتماعی شادیوں جیسی تقریبات کے انعقاد سے ملک کا مثبت امیج بھی عالمی برادری کے سامنے اجاگر ہوتا ہے کہ پاکستان میں غیرمسلموں کو اپنے مذہبی عقائد پر کاربند رہتے ہوئے سماجی تقریبات منعقد کرنے کی آزادی حاصل ہے۔