بنگلہ دیش میں سیکورٹی فورسزکی فائرنگ،خودکش حملہ آور ہلاک

موٹر سائیکل پر سوار ایک عسکریت پسند نے آر اے بی کی چیک پوسٹ پرحملے کی کوشش ناکام بنادی،حکام

اتوار 19 مارچ 2017 12:21

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2017ء) بنگلہ دیش میں سکیورٹی فورسز نے ایک ایسے حملہ آور کو گولی مار دی، جس نے اپنے جسم پر بم باندھے ہوئے تھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق حکام نے بتایاکہ ایک خود کش حملہ آور نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے والی ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جو ناکام بنا دی گئی۔ پیش آنے والے اس واقعے میں ایک موٹر سائیکل پر سوار ایک عسکریت پسند نے ملکی دارالحکومت کے ایک علاقے میں آر اے بی کی ایک چیک پوائنٹ پر خود کش دھماکا کرنے کی کوشش تو کی، لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکا۔

حکام کے مطابق پیش آنے والے اس واقعے میں اس مشتبہ شدت پسند نے زبردستی یہ چیک پوائنٹ پار کرنے کی کوشش کی، جس پر وہاں موجود سکیورٹی دستوں نے فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا۔

(جاری ہے)

ریپڈ ایکشن بٹالین کے میڈیا سے متعلق شعبے کے سربراہ مفتی محمود خان نے بتایاکہ یہ ایک خود کش بم حملے کی کوشش تھی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔ اس شدت پسند کے جسم سے کئی بم بندھے ہوئے تھے۔

مفتی محمود خان نے یہ بھی بتایا کہ اس واقعے میں پولیس کے دو افسران زخمی بھی ہو گئے۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ اگر موٹر سائیکل پر سوار مبینہ خود کش حملہ آور کو چیک پوائنٹ پر موجود سکیورٹی اہلکاروں کے قریب پہنچنے سے پہلے ہی گولی مار دی گئی تھی، تو یہ دونوں افسران زخمی کیسے ہوئے۔گزشتہ برس جولائی میں ڈھاکا کے کیفے پر ہلاک خیز دہشت گردانہ حملے کے بعد سے پولیس پورے ملک میں اب تک 50 سے زائد مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کر چکی ہے۔ ان میں ڈھاکا میں کیفے پر حملے کا ماسٹر مائنڈ بنگلہ دیشی نڑاد کینیڈین شہری تمیم احمد چوہدری بھی شامل تھا۔