نیب نے میگاکرپشن سیکنڈل کے مرکزی ملزم شرجیل انعام میمن کو اسلام آباد ائرپورٹ پہنچتے ہی گرفتار کرلیا

شرجیل میمن کی وکلاء کی طرف سے نیب کو حفاظتی ضمانت کا حکم نامہ دکھانے پر رہائی ،آج شرجیل میمن اپنی عبوری ضمانت میں توسیع کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژنل بنچ کے سامنے پیش ہونگے،نیب نے شرجیل میمن کی ضمانت مسترد کروانے کا لائحہ عمل مکمل کرلیا پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے شرجیل میمن کی گرفتاری کو توہین عدالت ،وطن واپسی کو خوش آئند قرار دیدیا

اتوار 19 مارچ 2017 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مارچ2017ء) نیب نے میگاکرپشن سیکنڈل کے مرکزی ملزم شرجیل انعام میمن کو بیرون ملک سے اسلام آباد ائرپورٹ پہنچتے ہی گرفتار کرلیا،شرجیل میمن کے وکلاء کی طرف سے نیب کو حفاطٹی ضمانت کا حکم نامہ دکھانے پر انہیں رہا کیاگیا،آج (پیر) کو شرجیل میمن اپنی عبوری ضمانت میں توسیع کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژنل بنچ کے سامنے پیش ہونگے،نیب نے شرجیل میمن کی ضمانت مسترد کروانے کا لائحہ عمل مکمل کرلیا ہے،پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے گرفتاری کو توہین عدالت قرار دیتے ہوئے شرجیل میمن کی وطن واپسی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب شرجیل انعام میمن بیرون ملک سے اسلام آباد ائرپورٹ پر پہنچے جہاں پر پیپلزپارٹی کے رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے جونہی شرجیل میمن جہاز سے باہر نکلے تو پہلے سے وہاں موجود نیب کراچی اور راولپنڈی کی ایک ٹیم نے ان کو کرپشن کیس میں حراست میں لے لیا تاہم ائرپورٹ پر شرجیل میمن نیب ٹیم سے اصرار کرتے رہے کہ انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی ہے جو 20مارچ تک ہے تاہم شرجیل میمن نیب کی ٹیم کو عدالتی حکم نامہ دکھا سکے جس پر انہیں نیب راولپنڈی کے دفتر منتقل کردیا گیا اور ان کو کہا گیا کہ اگر عدالت نے حفاظتی ضمانت منظور کی ہے تو اس کا آرڈر دکھایا جائے،اس دوران شرجیل میمن کے وکلاء نیب دفتر پہنچے اور عدالتی حکم نامہ دکھایا جس میں عدالت نے 20مارچ تک ان کی ضمانت منظور کررکھی تھی،عدالتی حکم نامہ دیکھنے کے بعد صبح چار بجے شرجیل میمن کو چھوڑ دیا گیا جس کے بعد وہ سندھ پولیس کی گاڑیوں کے ساتھ سندھ ہائوس پہنچے اور وہاں کچھ قیام کرنے کے بعد اپنے ایک دوست کے ہاں چلے گئے۔

(جاری ہے)

شرجیل میمن کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کی سماعت آج پیر کو اسلام آباد ہائیکورت کا دورکنی بنچ کرے گا،بنچ میں جسٹس اطہر من اللہ اور محسن اختر کیانی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق نیب کراچی نے نیب ہیڈکوارٹر کی پراسیکیوشن برانچ کے ساتھ شرجیل میمن کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کرانے کیلئے طویل مشاورت کی ہے اور کیس سے متعلق ریکارڈ اور شواہد عدالت میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شرجیل میمن کو گرفتار کرکے کرپشن کیس میں شامل تفتیش کیا جاسکے،دوسری طرف پیپلزپارٹی کے رہنمائوں سینیٹر رحمان ملک نے شرجیل میمن کی وطن واپسی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا دفاع کریں گے تاہم شرجیل میمن سمیت دیگر رہنمائوں نے نیب کی طرف سے حراست میں لیے جانے کو توہین عدالت قراردیا ہے۔

…(خ م+آچ)