عمرا ن خان ،شیخ رشید اپنا سیاسی مستقبل منوں مٹی تلے دفن ہوتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں‘ رانا ثنا اللہ

پاکستان کا برا سوچنے والے آئندہ عام انتخابات میں عوام کے ہاتھوں اپنے انجام کو پہنچیں گے ‘ وزیر قانون

اتوار 19 مارچ 2017 17:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2017ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا برا سوچنے والے آئندہ عام انتخابات میں عوام کے ہاتھوں اپنے انجام کو پہنچیں گے ،پاکستان کی سیاست میں عمران خان اور شیخ رشید کی کتنی حیثیت دونوں خود اس سے آگاہ ہیں ۔ ایک انٹر ویو میں رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ عمران خان اور شیخ رشید کو آئندہ عام انتخابات میں اپنا سیاسی مستقبل منوں مٹی تلے دفن ہوتا ہوا نظر آرہا ہے اس لئے دونوں پاکستان کے بارے میں بد خواہیوں میں لگے ہوئے ہیں۔

عمران خان کو تو اب اپنے لوگوں کو اپنے ساتھ رکھنا مشکل ہوگیا ہے جسکی وجہ سے وہ بھی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ شیخ رشید سیاسی مخالفت کریں لیکن پاکستان کا کیوں برا سوچتے ہیں ،دونوں نے پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کے لئے دن رات انتشار کی منصوبہ بندی کی لیکن ناکام رہے اور آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔

(جاری ہے)

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان اور ان کے انتشاری پارٹنر کے پاس اب بھی وقت ہے کہ توبہ تائب کر کے اپنی اصلاح کرکے قوم سے معافی مانگیں۔

مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگنے جائے گی اور سر خرو ہوگی ۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں ۔ پانامہ کیس کے حوالے سے عدالت کا جوبھی فیصلہ آئے گا اسے تسلیم کیا جائے گا۔