تھائی لینڈ قومی اسمبلی کے وفد کی اسلامی یونیورسٹی کا دورہ ، تھائی طلباء سے ملاقات

اتوار 19 مارچ 2017 18:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2017ء) تھائی لینڈ کی قومی اسمبلی کے وفد نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ریکٹر جامعہ اور تھائی طلباء سے ملاقات کی جبکہ اس موقع پر اسلامی یونیورسٹی اور تھائی جامعات کے مابین تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تھائی وفد میں رکن تھائی اسمبلی جنرل نپات تھونگ لیک،فنی سکارہا بنڈت اور ناچانلرت شریک تھے۔

وفد کو جامعہ کے نیو کیمپس میں خوش آمدید کہتے ہوئے اپنے خطاب میں ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہاکہ اسلامی یونیورسٹی کی توجہ متوازن اور پر امن اذہان کی تشکیل پر مرکوز ہے اور جامعہ اپنے طلباء کی تربیت اسلام کے پیغام امن کی روشنی میں کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے جو کہ پر امن بقائے باہمی کا درس دیتا ہے اور یہی فضا طلباء کو جامعہ میں مہیا کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والے تھائی طلبہ و طالبات کو ہر ممکن تعاون اور سہولیات فراہم کی جائیں گی اور جامعہ تھائی تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون میں بھی دلچسپی رکھتی ہے۔ اس موقع پر جامعہ کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد بشیر خان اور نائب صدر انتظامی امور ڈاکٹر محمد منیر بھی موجود تھے۔ تھائی وفد کے سربراہ جنرل نپات نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی کا تعلیم کے فروغ میں کردار کلیدی ہے اور جامعہ اور تھائی تعلیمی اداروں کے مابین تعاون تعلیمی میدان میں مثبت راستوںکی تلاش میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے ۔

اس موقع پر موجود تھائی طلباء نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وفد کو جامعہ میں تعلیم بارے آگاہ کیا اور تعلیمی ماحول کو سازگار قرار دیا۔