حکومت ادب کے فروغ اورادبی لوگوں کوسہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے ‘ عرفان صدیقی

اتوار 19 مارچ 2017 22:41

ملتان۔19 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2017ء) مشیروزیراعظم برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہاہے کہ حکومت ادب کے فروغ اوراس سلسلے میں ادبی لوگوں کوسہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے ۔ملتان میں دفتراکادمی ادبیات پاکستان کی افتتاحی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ یہ دفترحکومت کی طرف سے جنوبی پنجاب کے ادیبوں اورشاعروں کے لئے ایک تحفہ ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ہم نے وزیراعظم محمد نواز شریف کوادیبوں کی فلاح اورعلم وادب کے فروغ کے لئے فنڈقائم کرنے کی سمری بھیجی تھی جس کی منظوری کے بعد 50کروڑ روپے کافنڈہمارے پاس آچکاہے جوشاعروں اورادیبوں کی مشاورت سے خرچ کیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ ہم نے ضعیف اوربیمار ادیبوں اورشاعروں کوملنے والاوظیفہ تین ہزار روپے سے بڑھاکرسات ہزار روپے کیا اور بعد میں وزیراعظم کی ہدایت پر13ہزارروپے کردیاگیا جواس سال سے نافذ ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

یہ وظیفہ پہلے پانچ سولوگوں کوملتاتھااوراب یہ تعدادبڑھاکرایک ہزار کردی گئی ہے۔اسی طرح حادثاتی طورپرانتقال کرنے والے ادیبوں کو دی جانے والی رقم کو بھی دگناکرکے چارلاکھ روپے کردیاگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ جنوبی پنجاب کے ادیبوں کے لئے ایک فورم تشکیل پاگیاہے جو ادب کے فروغ کے لئے مددگارثابت ہوگا۔انہوںنے کہاکہ سینئر ادیبوں پرمشتمل ایک کمیٹی بنائی جائے جومقامی ادیبوں کے کام کاجائزہ لے کر فیصلہ کرے کہ اگران کاکلام چھپنے کے قابل ہے مگروسائل کی کمی اس میں رکاوٹ ہے توایسے کلام کوچھپواناہماری ذمہ داری ہوگی ۔

عرفان صدیقی نے کہاکہ گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ان سے پہلی ملاقات میں مقامی قلم کاروں کایہ مطالبہ سامنے رکھا تھاکہ ملتان میں اکادمی ادبیات کادفترقائم کیاجائے جس پرانہوںنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اورآج اس وعدے کی تکمیل پردلی خوشی محسوس کررہاہوں ۔

متعلقہ عنوان :