جنوبی سوڈان میںباغیوں نے پاکستانی انجینئر اغوا کرلیا

وزارت خارجہ اس معاملے کو جنوبی سوڈان میں موجود پاکستانی سفیر کے ساتھ اٹھائے اور ایاز حسین جمالی کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں،اہلخانہ کا مطالبہ

اتوار 19 مارچ 2017 23:31

بدین/خرطوم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مارچ2017ء) جنوبی سوڈان میں ایک پٹرولیم کمپنی میں ملازمت کرنے والے پاکستانی شہری ایاز حسین جمالی کے اغوا کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق بدین کے رہائشی انجینئر ایاز حسین جمالی کے رشتے داروں نے دعوی کیا ہے کہ ایاز کو جنوبی سوڈان میں باغیوں نے اغوا کرلیا ہے۔ایاز جمالی کے رشتے داروں نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ ایاز کا چھوٹا بھائی بابر جمالی بھی جنوبی سوڈان میں موجود ہے اور اس نے اہل خانہ کو مطلع کیا ہے کہ ایاز جمالی کو ایک ہفتے قبل اغوا کرلیا گیا ہے۔

ایاز جمالی کے اہل خانہ نے میڈیا کے توسط سے وزارت خارجہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو جنوبی سوڈان میں موجود پاکستانی سفیر کے ساتھ اٹھائیں اور اس کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق اغوا ہونے والا پاکستانی انجینئر ڈار پٹرولیم آپریٹنگ کمپنی کا ملازم تھا تاہم اغوا کے واقعے کی پاکستانی حکام اور دفتر خارجہ کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔واضح رہے کہ جنوبی سوڈان میں ہی دو بھارتی انجینئرز کو بھی گزشتہ ہفتے باغیوں نے اغوا کرلیا تھا اور یہ دونوں انجینئرز بھی ڈار پٹرولیم کے ملازم تھے۔اغوا کاروں نے بھارتی انجینئرز کی رہائی کے لیے 10 لاکھ ڈالرز تاوان کا مطالبہ کیا تھا تاہم جنوبی سوڈان کی حکومت نے تاوان ادا کرنے سے انکار کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :