ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان چار ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 26 مارچ کو کھیلا جائیگا

پیر 20 مارچ 2017 10:11

بارباڈوس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چار ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 مارچ کو بارباڈوس کے مقام پر کھیلا جائیگا۔ قومی کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران چار ٹی ٹونٹی، تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی ۔ ٹی ٹونٹی سیریز کا دوسرا میچ 30 مارچ کو پورٹ آف سپین، ٹرینیڈاڈ کے مقام پر کھیلا جائے گا۔

تیسرا میچ یکم اپریل کو پورٹ آف سپین، ٹرینیڈاڈ کے مقام پر کھیلا جائیگا اور چوتھا میچ 2 اپریل کو پورٹ آف سپین، ٹرینیڈاڈ کے مقام پر کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 7 اپریل کو گیانا میں کھیلا جائیگا۔ دوسرا ون ڈے میچ 9 اپریل کو گیانا میں کھیلا جائیگا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 11 اپریل کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 22 اپریل کو جمیکا میں شروع ہوگا، دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اپریل سے بارباڈوس میں شروع ہوگا اور تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 10مئی سے ڈومینیکا میں شروع ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کیلئے ٹی 20 اور ون ڈے ٹیموں کی کپتانی سرفراز احمد کریں گے جبکہ ٹیسٹ کی ٹیم کا اعلان بعد میں ہوگا جس کی کپتانی مصباح الحق کریں گے۔

ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے والی15رکنی ٹی 20 ٹیم میں احمد شہزاد،کامران اکمل، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، فخر زمان، سرفراز احمد ( کپتان)، عماد وسیم، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، سہیل تنویر، وہاب ریاض، رومان رئیس اور عثمان خان شنواری شامل ہیں ۔16رکنی ون ڈے سکواڈ میں احمد شہزاد، کامران اکمل، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، فخر زمان، آصف ذاکر، سرفراز احمد ( کپتان)، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، وہاب ریاض، محمد عامر، فہیم اشرف، جنید خان اور محمد اصغر شامل ہیں۔ ٹیم کے مینجر طلعت علی اور ہیڈ کوچ مکی آرتھ ہیں۔

متعلقہ عنوان :