اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ جائزہ رپورٹ جاری کردی

ملک بھر میں رواں ماہ کے دوران سب زیادہ مہنگائی گوادر جبکہ سب سے کم اضافہ کوئٹہ میں ہوا

پیر 20 مارچ 2017 12:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ جائزہ رپورٹ جاری کردی ہے ،جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں رواں ماہ کے دوران سب زیادہ مہنگائی گوادر جبکہ سب سے کم اضافہ کوئٹہ میں ہوا۔ مہنگے ترین شہروں میں گوادر، میانوالی، ایبٹ آباد، فیصل آباد، بہاولپور، راوالپنڈی اور لاڑکانہ رہے جب کہ اس برعکس بڑے شہروں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں مہنگائی میںنسبتاً کم اضافہ ہوا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے فروری میں مہنگائی کی شرح سے متعلق ماہانہ جائزہ رپورٹ جاری کردی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ فروری میں مہنگائی کی شرح میں 4.2 فیصداضافہ ہواہے۔فرورری میں مہنگائی میں سب سے زیادہ اضافہ گوادر میں دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق فرورری میں مہنگائی میں سب سے زیادہ اضافہ گوادر میں دیکھا گیا جب کہ کوئٹہ میں مہنگائی میں اضافہ سب سے کم دیکھنے میں آیا۔

اسٹیٹ بینک کی جائزہ رپورٹ کے متن میں کہا گیا ہے کہ 35 ہزار روپے آمدنی والے طبقے کے لیے مہنگائی زیادہ پریشان کن رہی اور اعداد و شمارکے مطابق 35 ہزار آمدنی والے افراد کے لیے مہنگائی کی شرح 4.7 فیصد تک بڑھی۔جب کہ مہنگے ترین شہروں میں گوادر، میانوالی، ایبٹ آباد، فیصل آباد، بہاولپور، راوالپنڈی اور لاڑکانہ ثابت ہوئے جب کہ اس برعکس بڑے شہروں جیسے اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں مہنگائی میں نسبتاًکم اضافہ ہوا۔مرکزی بینک کے مطابق فروری میں ہائوس رینٹ میں اضافے کی شرح 6.62 فیصد رہی جب کہ کپڑے، جوتے،گھریلواستعمال کے آلات کی قیمتوں میں کمی آئی اور ملک میں ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ دیکھاگیا۔