کروڑوں روپے کا قرضہ پالیسی کے برعکس معاف کروانے کے حوالے سے تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

پیر 20 مارچ 2017 13:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق لاہور رنگ روڑ اتھارٹی کو دیا جانیوالا کروڑوں روپے کا قرضہ پالیسی کے برعکس معاف کر دیا گیا۔ لاہور رنگ روڑ اتھارٹی ناردرن لوپ کو 43 کروڑ 23 لاکھ 79 ہزار کا قرض پانچ سال کے لئے دیا گیا تھا، تاہم فنڈز کہاں استعمال ہوئے اور ان کا ریکارڈ کہاں گیا اس بات کا کچھ پتا نہ چل سکا۔

رنگ روڑ اتھارٹی 30 کروڑ 69 لاکھ 24 ہزار 891 روپے ہی استعمال کر سکی باقی پیسے کہاں اور کیسے استعمال ہوئے اس کی کوئی تفصیلات موجود نہیں۔ معاملات دبانے کے لئے حکومت نے خصوصی کمیٹی تشکیل دی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے پہلے اعتراضات اٹھائے پھر خصوصی احکامات کے ذریعے قرضہ ہی معاف کروانے کی تجویز دے ڈالی۔ لاہور رنگ روڑ کا وزیر اعلیٰ نے خود افتتاح کیا تھا۔

پھر معاملات تبدیل ہونے لگے۔ پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کی بجائے نیا منصوبہ تشکیل دے دیا گیا۔ 15 فروری 2016ء کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پراجیکٹ ہی آگے دے دیا گیا۔ محکمہ خزانہ پنجاب نے قرض واپس لینے کے لئے پانچ سال کا ٹائم دینے کی تجویز دی۔ تاہم وزیراعلیٰ کی بنائی گئی کمیٹی نے محکمہ خزانہ پنجاب کی تجویز بھی سختی سے مسترد کر دی۔